لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر وفاق سے بات ہوئی ہے کوئی شنوائی نہیں ہوئی، نہال ہاشمی کا بیان نواز لیگ کا معاملہ ہے
شیئر کریں
تعمیراتی کاموں میں تیزی لاکر فروری 2018ء تک مکمل کیا جائے، سندھڑی تاسانگھڑ روڈ کی تعمیر سے عوام کو فائدہ ہوگا
میرپور خاص/ڈگری (بیورو رپورٹ/ نامہ نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق لوڈشیڈنگ کے حوالے سے سندھ سے زیادتیاں کررہاہے رمضان کے بابرکت مہینے میں بھی بجلی کی بندش عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ ان خیالات کا اظہار سندھ پروویشنل روڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت زیر تعمیر ڈگری تا نوکوٹ روڈ کے کام کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ڈگری تا نوکوٹ روڈ کے تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ صوبائی وزیر آفتاب پتافی ، ایم پی اے میر حاجی محمد حیات خان تالپور چیئرمین ضلع کونسل میرپورخاص میر انور تالپور ، ایم پی اے نور احمد بھڑگڑی ، وائس چیئرمین ضلع کونسل میرپورخاص میر احمد علی خان تالپور ، میر انصر تالپور ، میر طارق خان تالپور ، میر ذوالفقار علی خان تالپور ، ڈی سی میرپورخاص زاہد میمن ، اے سی ڈگری ثناء اللہ صدر ، وسیم لاشاری ، شبیر احمد خان اور دیگر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال رکن صوبائی اسمبلی میر حاجی محمد حیات خان تالپور نے کیا ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ روڈز کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا کم سے کم کرنا پڑے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا لوڈ شیڈنگ کے معاملے میں وفاق سندھ سے زیادتی کررہا ہے رمضان کے مہینے میں لوڈشیڈنگ روزے داروں کے ساتھ وفاق کی زیادتی ہے، لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر وفاق سے تقریباً روز بات ہوتی ہے ۔نہال ہاشمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہ نہال ہاشمی کا بیان (ن) لیگ کا مسئلہ ہے ہمارا مسئلہ کام ہے ہماری توجہ اس پر ہے ۔ بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیر کے دن بجٹ پیش کررہے ہیں بجٹ کے حوالے سے ساری چیزیں اس میں سامنے آجائیں گی۔واضح رہے کہ ڈگری تا نوکوٹ روڈ سندھ پروویشنل روڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت بنایا جارہا ہے . جس کی کل لمبائی 54 کلومیٹر ہے جس پر لاگت کا تخمینہ 3358 ملین روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ گزشتہ روز سندھڑی پہنچ کر ہائی ویز ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ اور ایشین ڈیولپمنٹ بنک کے تعاون سے ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے 63کلومیٹر سندھڑی تا سانگھڑ زیر تعمیر روڈ کے متعلق بریفنگ لی، انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں تیزی لاکر فروری 2018 تک ہرحال میں مکمل کیا جائے، بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھڑی تا سانگھڑ روڈ کی تعمیر سے میرپورخاص اور سانگھڑ کے لوگوں کو فائدہ ہوگا، اس موقع پر صوبائی وزیر امداد پتافی ، سینیٹر ہری رام کشوری لال، سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز اعجازمیمن ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سلیم جلبانی ،کمشنر شفیق احمد مہیسر، ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو، ایس ایس پی کامران نواز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔