پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام،8دہشت گرد ہلاک
شیئر کریں
سکیورٹی فورسز کی کارروائی،خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو ناکام بنا دیا
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارودبھی برآمدہوا،آئی ایس پی آر
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان افغان سرحد کے ساتھ دہشتگردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو ناکام بنا دیا۔ فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان طالبان حکومت کی مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے میں ناکامی ہمارے موقف کی توثیق ہے، افغان طالبان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے،افغان طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام’ کے تحت آپریشن جاری ہے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا گیا ہے۔ قبل ازیں باڑہ خیبر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا، کامیاب کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گرد ٹھکانے تباہ کئے گئے۔ صدرمملکت آصف علی زرداری اوروزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


