سوزوکی نے مہران کی بکنگ بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا
شیئر کریں
پاکستان کی معروف کار ساز کمپنی سوزوکی نے باضابطہ طور پر مشہور زمانہ اپنی گاڑی مہران کی بکنگ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سوزوکی کی جانب سے مہران کی تیاری بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے اور جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ مہران کی تمام ویرنٹس کی بکنگ بھی بند کی جارہی ہے ۔تاہم کمپنی کے ڈویژنل ہیڈ آف سیلز نے نوٹیفکیشن میں لکھا ہے کہ 4 اپریل 2019 تک ملنے والے تمام آرڈرز اپنے وقت پر مکمل کر دیے جائیں گے ۔بی ایم اے کیپٹل کے تجزیہ کار فیض سلطان نے کہاہے کہ مہران کو بند کرنے کا اعلان تو کر دیا گیا ہے لیکن مارکیٹ میں اس کے متبادل کا انتظار رہے گا۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ آلٹو 660 سی سی بطو ر متبادل آئندہ ماہ متعارف کروائی جائے گی۔جس کی قیمت تقریبا 11 لاکھ روپے کے قریب ہو گی تاہم مہران VX کی قیمت 7 لاکھ 99 ہزار اور VXR کی قیمت 8 لاکھ 80 ہزار روپے تھی۔تجزیہ کار فیض سلطان کا کہناتھا کہ سوزوکی کیلئے یہ بہترین وقت ہے کہ وہ اپنی مہران کی فروخت بند کرے نئے چھوٹے انجن کے ساتھ گاڑی متعارف کروائے جو کہ اس وقت مارکیٹ کی ڈیمانڈ ہے ۔ان کا کہناتھا کہ مارکیٹ پہلے ہی آلٹو 660 کے بارے میں جانتی ہے اور یہ پاکستان میں پہلے ہی درآمد کی جا رہی ہے ۔مالی سال کے آٹھ مہینوں میں سوزوکی نے مہران کی 28 ہزار 944 گاڑیاں بنائی ہیں جبکہ ان میں سے 22 ہزار 460 بک چکی ہیں۔