میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک دیوالیہ ہوچکا ، ہر وقت کہنا ٹھیک نہیں، اسحق ڈار استعفے کے سوال پر برہم

ملک دیوالیہ ہوچکا ، ہر وقت کہنا ٹھیک نہیں، اسحق ڈار استعفے کے سوال پر برہم

ویب ڈیسک
جمعه, ۳ مارچ ۲۰۲۳

شیئر کریں

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کے ملک کے دیوالیہ ہونے کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر وقت کہنا ملک دیوالیہ ہوچکا ہے ٹھیک نہیں، نہ ملک دیوالیہ ہے اور انشاء اللہ نہ ہی ہوگا، عمران خان کا طرز عمل انتہائی خود غرضانہ ہے ،عمران خان کو لانے ولے لوگ تو کہہ رہے تھے کہ پاکستان ختم ہوجائیگا ٹوٹ جائیگا،موجودہ حکومت نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ،اس وقت ہم 2018 میں شروع ہونے والی تباہی سے ہی گزر رہے ہیں، آئی ایم ایف کا جائزہ حتمی مراحل میں ہے ،ہم جلد ہی صورتحال سے نکل جائیں گے ، مجھے اتنی توقع ہے ہم 30 جون تک اسٹیٹ بینک کے ذخائر 10 ارب ڈالر اور قومی ذخائر 16 ارب ڈالر تک لے جائیں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ اس وقت جو حکومت بیٹھی ہوئی ہے اس نے گزشتہ برس اپریل میں یہ اصولی فیصلہ کیا تھا کہ ریاست کو بچانا ہے یا سیاست کو۔وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران نیازی پاکستان کو ڈبو چکا تھا اور اس وقت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے جس پر میں نے مضامین بھی لکھے تھے ۔اسحق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حکومت لینے کا جو فیصلہ کیا تھا وہ قابل ستائش ہے اور اپنی سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، موجودہ حکومت نے جو فیصلہ کیا وہ بہت اچھا کیا کیونکہ پاکستان تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تھا اور کچھ لوگوں نے تو کہا تھا کہ آپ نے بہت بڑی غلطی کی ہے کیونکہ عمران خان اس تباہی سے خود ہی گر جاتا لیکن اس کے ساتھ پاکستان بھی گرجاتا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مجھے توقع ہے کہ ہم جلد ہی اس صورتحال سے نکل جائیں گے اور مجھے اتنی توقع ہے کہ ہم 30 جون تک اسٹیٹ بینک کے ذخائر 10 ارب ڈالر اور قومی ذخائر 16 ارب ڈالر تک لے جائیں گے ۔اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے اسحاق ڈار سے سوال کیا کہ موجودہ معاشی صورتحال پر حکومتی حکمت عملی کیا ہے ؟اسحاق ڈار نے موجودہ صورت حال کا ذمہ دار ایک مرتبہ پھر عمران خان کو قرار دے دیا۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ استعفیٰ دینے جا رہے ہیں؟صحافی کے سوال پر اسحاق ڈار نے برہم ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کو تکلیف ہے میرے کام کرنے میں؟صحافی نے سوال کیا کہ سابق چیئرمین ایف بی آر شبّر زیدی نے کہا ہے کہ آپ آج استعفیٰ دینے جارہے ہیں؟اس بات پر اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ شبّر زیدی نے اس ملک کے ساتھ کیا کیا ہے ؟اسحاق ڈارنے کہا کہ اس وقت اربوں روپے ری فنڈز پر شبّر زیدی کو جیل میں ہونا چاہیے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں