اسسٹنٹ کمشنر اور مختیارکار سرکاری ریکارڈ میں ہیراپھیری کا انکشاف اینٹی کرپشن کی تحقیقات جاری
شیئر کریں
حیدرآباد (رپورٹ :علی نواز ) اسسٹنٹ کمشنر اور مختیارکار قاسم آباد کی سرکاری ریکارڈ میں ہیراپھیری، اویکیو پراپرٹی ٹرسٹ کی زمین کے سیل سرٹیفکیٹ نکال دیے، ای سی غلام رسول پنہور اور مختیارکار سلیم جمالی نے بھاری رقم کے عوض سیل سرٹیفکیٹ جاری کئے، ڈپٹی کمشنر نے سیل سرٹیفکیٹ روک دیے، معاملے کی اینٹی کرپشن سمیت اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری، تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد غلام رسول پنہور اور مختیارکار قاسم آباد کی جانب سے سرکاری ریکارڈ میں ہیراپھیری کا انکشاف ہوا ہے، روزنامہ جرأت کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد غلام رسول پنہور اور مختیارکار قاسم آباد سلیم جمالی نے اویکیو پراپرٹی ٹرسٹ کی 14 ایکڑ 19 گھنٹے زمین کے سیل سرٹیفکیٹ مختلف ناموں سے جاری کئے اور حیدرآباد کی بڑی ہائوسنگ اسکیم میں شامل سروے نمبر 358 کی 14 ایکڑ 19 گھنٹے زمین کے مختلف ناموں سے پانچ سیل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے، ریکارڈ میں ہیراپھیری کی اس میگا اسکینڈل میں اویکیو پراپرٹی ٹرسٹ کی 14 ایکڑ 19 گھنٹے زمین کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرکے اسے دوسرے لوگوں کو الاٹ کی گئی جس کے بعد اسے حیدرآباد کے بڑے بلڈر نے اپنی اسکیم کیلئے خرید کی، شکایات پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے سیل سرٹیفکیٹ روک دیے ہیں۔ واضع رہے کہ اس میگا اسکینڈل کی اینٹی کرپشن سمیت ریونیو میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔