برسوں بعد کراچی میں سردی فروری میں بھی جاری
شیئر کریں
کراچی میں برسوں بعد موسم سرما نے فروری میں بھی ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، شہر قائد میں ایسا کافی عرصے بعد ہوا ہے کہ سردی دسمبر سے فروری تک جاری ہے۔
کراچی میں سائبیریا سے آنے والی ٹھنڈی ہواوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، صبح اور شام کے اوقات میں سرد ہوائوں کے سبب اونی سوئیٹرز، لیدر اور کپڑوں کی گرم جیکٹس پہننے اور شال اوڑھنے کی ضرورت برقرار ہے۔گرم کپڑوں، سوئیٹرز، جیکٹس، شالوں کی دکانوں، پرانے کپڑے کے لنڈا بازاروںمیں دن کے اوقات میںخریداروں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔
علی الصبح اسکولوں کے لیے نکلنے والے بچے اور دفتروں کی جانب جانے والے افراد بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کو سردی کی اس لہر سے بے حد دشواری کا سامنا ہے۔
شہر قائد میں آج کل سخت سرد موسم کے باعث گرم دودھ، سوپ، یخنی، مچھلی، خشک میوہ جات، حلوہ جات کی دکانوں میں رات گئے تک رش دیکھنے میں آرہا ہے۔
کراچی کے شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد موسمی امراض، گلے کی بیماریوں، نزلہ، زکام، کھانسی میں مبتلا ہو کر ڈاکٹروں اور اسپتالوں کا رخ کررہی ہے۔آزاد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کراچی میں دن کے وقت کم سے کم درجہ حرارت کا 31سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔