ایف بی آر ، جعلی شناختی کارڈز سے کاروبار کرنے والوں کی فہرست طلب
شیئر کریں
فیڈرل بورڈآف روینیو(ایف بی آر)نے جعلی شناختی کارڈز سے کاروبار کرنے والوں کی فہرست طلب کرلی۔ذرائع کے مطابق نادرا نے ایسے کاروباری شہریوں کی تفصیلات ایف بی آر کو فراہم کردیں، ایف بی آر نے بینکوں سے ان شناختی کارڈذ پر بنائے گئے اکانٹس کی تفصیل طلب کرلی۔جعلی شناختی کارڈز کی بنیاد پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ نادرا نے جعلی شناختی کارڈز کا کھوج لگانے کا عمل 4 ماہ قبل شروع کیا۔فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے سب سے پہلے ان شناختی کارڈز کی تفصیل حاصل کی، یہ تفصیل منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کا کھوج لگانے کے لیے استعمال کی جارہی ہے۔جعلی بنک اکائونٹس بنانے والے بینک حکام کی نشاندہی کا عمل بھی جاری ہے۔ سیلزٹیکس میں جعلی کارڈ استعمال کرنے والوں کی فہرستیں بھی مرتب کی جائیں گی۔جعلی کارڈ پرامپورٹ لائسنس حاصل کرنے والوں کا کھوج بھی لگایا جائے گا۔ آئندہ 2 ماہ میں ڈیٹا کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے بھی کرائی جائے گی۔بیرون ملک سے رقوم بھیجنے والوں اور وصول کنندگان کے شناختی کارڈز کی بھی سکریننگ ہوگی۔