میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
غیرت کے نام پر قتل کے واقعات معاشرے پر بدنما داغ ہیں، ناصر شاہ

غیرت کے نام پر قتل کے واقعات معاشرے پر بدنما داغ ہیں، ناصر شاہ

منتظم
بدھ, ۳ جنوری ۲۰۱۸

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ خواتین کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے،اس ضمن میں سندھ اسمبلی سے قانون سازی بھی کی گئی ہے۔کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اس کی خواتین کا سرگرم کردار انتہائی اہم ہے ۔شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز حسین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ’’ خواتین کی ترقی اور ان کے مسائل کا حل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر حسین ویلفیئر کی شبنم نقوی ،معروف صحافی مبشر میر ،ڈاکٹر جاوید منظر اور دیگر نے بھی خطاب کیا، سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت خواتین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور بتدریج ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ اسمبلی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے انتہائی اہم نوعیت کی قانون سازی کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے دور حکومت میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا اور اب ان کے وژن کے مطابق پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت بھی خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کے لیے کوشاں ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کیے جانے اور غیرت کے نام پر قتل جیسے واقعات معاشرے کے چہرے پر بدنما داغ ہیں۔حکومت کے علاوہ این جی اوز اور سول سوسائٹی کو بھی اس کے تدارک کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ اس طرح کے سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے۔ صوبائی حکومت خواتین کی فلاح کے لیے سرگرم تنظیموں سے بھرپور تعاون کررہی ہے ۔سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ نئے سال کے آغاز پر حکومت سندھ کراچی کے شہریوں کو گرین بسوں کا تحفہ دے گی، جبکہ وفاقی حکومت کے میٹرو بس منصوبے کے لیے بھی صوبائی حکومت بھرپور تعاون کررہی ہے اور امکان ہے کہ یہ منصوبہ بھی 2018میں مکمل ہوجائے گا،ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو سفری سہولیات میں ریلیف ملے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں