190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں عمران خان ملزم نامزد
شیئر کریں
190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کو نیب نے ملزم نامزد کردیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے احتساب عدالت پہنچی۔ جہاں رجسٹرار آفس کی جانچ پڑتال کے بعد نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کا ریفرنس دائر کردیا گیا۔نیب کی جانب سے ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو ملزم نامزد کردیا گیا۔ عمران خان کے علاوہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، ذلفی بخاری اور شہزاد اکبر سمیت 8 ملزمان کو ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فرح گوگی کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کی فہرست میں بیرسٹر ضیا المصطفیٰ نسیم کا نام بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی گئی تھی۔ وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز کے توسط سے دائر درخواست احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کی گئی تھی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔