ضلع مٹیاری ،سعید آبادٹاؤن میں کروڑوں کی کرپشن
شیئر کریں
اینٹی کرپشن سندھ نے ضلع مٹیاری کی نیوسعیدآباد ٹائون میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر تحقیقات تیز کردی، نوٹس جاری کرنے کے باوجود ٹائون افسرآغا جاوید ،ایڈمنسٹریٹر ، اکائوٹنٹ اور دیگر افسران پیش نہیں ہوئے، اینٹی کرپشن نے کارروائی کی وارننگ دے دی۔ جراٗت کو موصول دستاویز کے مطابق اینٹی کرپشن سندھ نے ضلع مٹیاری کی ٹائون کمیٹی نیو سعیدآباد میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات کے بعد ٹائون کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر ، ٹائون افسر آغا جاوید، اکائونٹس افسر اور کلرک کو 4 نوٹس جاری کئے ہیں، جنوری 2021 سے رواں برس کے وسط کا رکارڈ طلب کیا گیا ہے، اینٹی کرپشن افسران نے ٹائون کمیٹی نیو سعید آباد کے افسران سے ماہانہ او زید ٹی کے اصل دستاویزات، روائیزڈ/ فائنل گرانٹ، اون سورس انکم رکارڈ، بینک اکائونٹس کے تفصیلات، پیڈ اپ بلز، وائوچرز کی کاپیاں، ماہانہ لاگ بک، ہسٹری شیٹ، پیٹرول اکائونٹ رجسٹر، کوٹیشن رجسٹر، کسٹم ڈیوٹی اور پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کے تفصیلات طلب کئے ہیں۔ ٹائون کمیٹی نیو سعید آباد کے افسران اور عملے کو 4 نوٹس جاری کرنے کے باوجود افسران متعلقہ رکارڈ اینٹی کرپشن افسران کے پاس جمع کروانے یا افسران کے سامنے پیش ہونے میں ناکام ہوگئے ہیں، ٹائون افسران کے پیش نہ ہونے پر اینٹی کرپشن حکام نے محکمہ بلدیات سندھ، ضلع مٹیاری اور دیگر ذرائع سے معلومات حاصل کرنا شروع کی ہے اور تحقیقات تیز کی ہے ۔ اینٹی کرپشن افسران کا کہنا ہے کہ ٹائون کمیٹی نیو سعید آباد کو محکمہ بلدیات کی جانب سے کروڑوں روپے جاری کئے گئے ہیں، ٹائون میں مقامی ٹیکسز کی بھی آمدنی ہے، ٹائون کمیٹی کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی شکایات موصول ہوئی ہیں، کمیشن کی وصولی کے بعد من پسند ٹھیکیداروں کو سڑکوں کی تعمیر، سیوریج کی لائنز اور دیگر ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے جاری کئے گئے ہیں، پیٹرول کے بلز کی مد میں بھی لاکھوں روپے اڑائے گئے ہیں ، ٹائون کمیٹی نیو سعید آباد میں کرپشن ایڈمنسٹریٹر، ٹائون افسر آغا جاوید، اکائونٹ افسر اور کلرک کے مک مکا سے کرپشن کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ ٹائون کمیٹی نیو سعیدآباد کے ایڈمنسٹریٹر اور ٹائون عملے کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ رکارڈ پیش کریں بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔