میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکومت سندھ کاایک مرتبہ پھر آئی جی پولیس کو ہٹانے کافیصلہ

حکومت سندھ کاایک مرتبہ پھر آئی جی پولیس کو ہٹانے کافیصلہ

الیاس احمد
جمعرات, ۲ نومبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

حکومت سندھ کو جس چیز نے الجھا کر رکھ دیا ہے وہ آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کا تبادلہ ہے۔ آئی جی سندھ پولیس کا تبادلہ حکومت سندھ کے لیے گلے کی ہڈی بن چکا ہے جس کو اگل سکتے ہیں نہ ہی نگل سکتے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے 4 ستمبر کو جب تاریخی فیصلہ دیا تو اس وقت حکومت سندھ نے خاموشی اختیار کرلی کیونکہ اس کے سوا اور کوئی راستہ نہ تھا لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ حکومت سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد آئی جی سندھ پولیس نے ایس پی سے لے کر ایڈیشنل آئی جی تک افسران کے تبادلے کردیئے، حکومت سندھ خاموش تماشائی بنی رہی۔ چند روز تک خاموشی اختیار کی گئی آئی جی سندھ پولیس اہم سرکاری اجلاسوں میں شرکت کرنے لگے۔ حکومت سندھ کے کچھ سخت گیر وزراء اورپی پی پی کی اعلیٰ قیادت کو یہ بات قطعی پسند نہیں آئی ایک جانب تووہ انھیں ہٹانے میں ناکام رہے تھے تودوسری جانب اجلاسوں میں شرکت اورخودتقرریاں اورتبادلے کرکے ان کے سینے پر مونک دل رہے تھے ۔
اس دوران ایک اہم ترین پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ تین اپریل 2017 کو جب حکومت سندھ نے موجودہ آئی جی سندھ پولیس کو ہٹا کر ان کی خدمات وفاق کے حوالے کی تھیں اور سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی کا اضافی چارج دیا تھا اسی سردار عبدالمجید دستی کو اب وفاقی حکومت نے گریڈ 22 میں ترقی دے دی ہے۔ لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو گری 22 میں ترقی نہیں دی گئی اب صورتحال بڑی دلچسپ بن چکی ہے۔ آئی جی گریڈ 21 میں اور ایڈیشنل آئی جی گریڈ 22 میں ہیں جس کے باعث پولیس کے اندر بڑی بے چینی پائی جاتی ہے ۔ یہ بات پولیس افسران کے لیے تشویشناک بات ہے کہ کس طرح گریڈ 22 کے ایڈیشنل آئی جی کے احکامات پر عملدرآمد کریں؟ اسی تناظر میں حکومت سندھ پہلے سردار عبدالمجید دستی کو اہم اجلاسوں میں بطور ایڈیشنل آئی جی طلب کرتی رہی ہے اب چونکہ وہ ایڈیشنل آئی جی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ہیں اس لیے ان کو ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس کے طور پر اجلاسوں میں نہیں بلایا جاسکتا مگر اس کے باوجود بھی موجودہ حکومت آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو برداشت کرنے کے لیے قطعی تیار نہیں ہے۔ اور اب تو سندھ کابینہ نے باقاعدہ آئی جی سندھ اے ڈ ی خواجہ کوہٹانے منظوری اورعبدالمجید دستی کوآئی جی سندھ پولیس بنانے کی سفارش بھی کردی ہے ۔
اے ڈی خواجہ کوعہدے سے ہٹانے کی تیاریاں پچھلے ڈیڑھ ماہ سے جاری ہیں ‘سندھ حکومت اس سلسلے میں قانونی ماہرین ودیگر متعلقہ حکام سے مشوروں میں مصروف تھی کہ کس طرح اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپردکرکے عبدالمجید دستی کوآئی جی سندھ تعینات کرایاجائے ۔اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکرنے کافیصلہ کرلیاگیاہے ‘وفاقی حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ کے تبادلے کی منظوری نہ ملنے کی صورت میں سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیاجاسکتا ہے ۔اگردیکھاجائے توآئی جی سندھ کے حوالے سے حکومت سندھ کاکیس بہت کمزورہے کیونکہ سندھ ہائی کورٹ نے جو تفصیلی فیصلہ دیا ہے اس میں سپریم کورٹ کی جانب سے ایک کیس کا حوالہ دیا ہے جس میں سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کسی بھی افسر کو ایک مقررہ مدت سے پہلے نہ ہٹایا جائے۔سندھ ہائی کورٹ کی بنیادی لائن بھی یہی ہے کہ آئی جی کم از کم تین سال کے لیے مقرر کیا جائے۔ اس سے پہلے ان کو نہ ہٹایا جائے یہ سپریم کورٹ کا بھی حکم ہے۔ جب سپریم کورٹ پہلے سرکاری افسران کے لیے مدت کا تعین کردیا ہے تو پھر اب سپریم کورٹ کے لیے بھی مشکل ہوگا کہ ایک افسر کو مدت سے پہلے ہٹانے کا حکم دے تاہم سپریم کورٹ کو مکمل اختیار ہے کہ وہ کوئی فیصلہ دے سکتی ہے۔
حکومت سندھ کے لیے آئی جی سندھ کے خلاف مواد نہ ہونے کے برابر اور جو مؤقف حکومت سندھ کا ہے وہ انتہائی کمزور ہے۔ کیونکہ آئی جی سندھ پولیس پر کوئی مضبوط الزام نہیں ہے اس کے برعکس آئی جی سندھ کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں کہ حکومت سندھ اور پی پی پی قیادت ان کو کس طرح غیر قانونی کام کرنے پر دباؤ ڈالا۔ خاص طور پر پولیس میں میرٹ پر بھرتیوں کے لیے روکا گیا، گنے کے کاشتکاروں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرایا گیا۔ شوگر ملز مالکان پر پولیس کے ذریعے دباؤ ڈالا گیا کہ وہ اپنی شوگر ملز پی پی پی کی قیادت کو فروخت کریں۔ عزیز جان بلوچ اور ڈاکٹر نثار مورائی کی جے آئی ٹی پر عملدرآمد سے روکا گیا۔ پھر ایک اہم کاروباری شخصیت کے گھر سے اسلحہ ملا اور پولیس پر دباؤ ڈالا گیا کہ یہ اسلحہ واپس کیا جائے ورنہ یہ اسلحہ کسی ویرانے سے ملنے کی ایف آئی آر درج کی جائے اور کاروباری شخصیت کو بچایا جائے۔ راؤ انوار، ڈاکٹر نجیب، پیر فرید جان سرہندی، فرخ لنجار کے غیر قانونی معاملات کی تحقیقات نہ کی جائے ان کو اہم عہدے دیئے جائیں۔ جب آئی جی نے سپریم کورٹ میں اپنا مؤقف پیش کیا تو پھر ایک نئی تاریخ رقم ہوگی اور پی پی پی کی قیادت تاریخ کے سامنے جوابدہ ہوگی اور پھر سیاسی طوفان کا سامنا بھی نہ کرسکے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں