میرا کوئی سیاسی تعلق کسی بھی جماعت سے نہیں ہے ،نگراں وزیربلدیات سندھ
شیئر کریں
نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ میرا کوئی سیاسی تعلق کسی بھی جماعت سے نہیں ہے اور میں نے ہر کام عوام کے مفاد میں کرنے کا عزم کیا ہے۔ کراچی میں ٹائونز کی سطح پر ٹرانزیشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ ایک ماہ کے اندر اندر یوسی کی سطح پر بھی فنڈز کی یوسی چیئرمین کو منتقلی کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ گڈاپ ٹائون میں مویشیوں کے حوالے سے ماضی میں 16 سے 21 کروڑ روپے کے بندرباٹ پر مشتمل ٹینڈرز کی بجائے اس بار اوپن ٹینڈر سے یہ رقم اب 5 ارب 8 کروڑ روپے ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری منظور شیخ بھی موجود تھے۔ وفد میں جماعت اسلامی کے سٹی ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے پارلیمانی لیڈر سیف الدین، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین اور زاہد عسکری شامل تھے۔ ملاقات میں بلدیاتی نظام بالخصوص کراچی میں ٹائونز و یوسی کو درپیش مسائل، ٹرانزیشن کے اشیوز، ڈی ڈی او کو چیئرمینز کر زیر انتظام کرنے، واٹر بورڈ، سندھ سولڈ ویسٹ سمیت دیگر کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔