سعید غنی دور میں شادی گرانٹ،فوتگی کمپنسیشن میں کرپشن کی تحقیقات
شیئر کریں
(نمائندہ جرأت) نیب نے سابق وزیر لیبر سعید غنی کے دور میں شادی گرانٹ اور فوتگی کمپنسیشن کی مد میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی انکوائری شروع کر دی۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے سیکریٹری سے ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔ جرات کی خصوصی رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ لیبر سندھ کے ماتحت ادارے ورکرز ویلفیئرز بورڈ کے سیکریٹری کو لیٹر ارسال کر کے کہا ہے کہ نیب کو بورڈ میں کرپشن کی شکایت ملی ہے اس لیے سال 2021 سے لے کر اب تک کا فراہم کیا جائے کہ کتنے مزدوروں کو شادی گرانٹ اور فوت ہونے والے مزدوروں کے ورثا کو فوتگی کمپنسیشن ملی ہے۔ نیب نوٹس میں سوال کیا گیا ہے کہ کتنے مزدوروں کو شادی گرانٹ اور فوتگی گرانٹ کس سال میں کتنی جاری کی گئی۔ کس رینج کے کتنے مزدوروں کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں شادی گرانٹ اور فوتگی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری کس نے دی۔ واضح رہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں جعلی مزدوروں کے نام شامل کر کے ان کو شادی گرانٹ اور فوتگی گرانٹ کی مد میں کروڑوں روپے جاری کئے گئے۔ بورڈ میں شادی گرانٹ اور فوتگی گرانٹ کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات پر اینٹی کرپشن سندھ میں پہلے انکوائری جاری ہے۔