ایل او سی پر اشتعال انگیزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی
شیئر کریں
کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، گورو اہلیوالیا کو ڈی جی سائوتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر فیصل نے طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کنٹرول لائن پر یکم اکتوبر کو نیزا پیر اور باغسر سیکٹروں پر بھارت نے بلااشتعال فائرنگ کی، فائرنگ سے 50 سال کی خاتون شہید ہوئی جبکہ 3 شہری زخمی ہوئے ، بھارتی افواج کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھاری اسلحہ سے مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی اشتعال انگیز پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور خاتون کی ہلاکت اور شہریوں کے زخمی ہونے پر بھرپور احتجاج کیا گیا ۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، بھارتی خلاف ورزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں، بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے ۔