بلوچستان،خیبر پختونخوا دہشت گرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں،شہباز شریف
شیئر کریں
پاکستان امن کا خواہاں ،پاکستان پڑوسیوں سے مستحکم تعلقات چاہتا ہے،انتہا پسندی اور دہشتگردی کو کچھ ممالک نے سیاسی مفاد کیلئے استعمال کیا
دہشتگردی خطے کے امن کیلئے خطرہ ،گھناؤنے جرائم کے ذمہ داروں و سہولت کاروں کو جوابدہ ہونا ہوگا، وزیراعظم نے معاملہ ایس سی او میں اٹھادیا
وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او کانفرنس میں بلوچستان اور کے پی میں دہشتگرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کا معاملہ اٹھادیا۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے، پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں سے معمول کے مستحکم تعلقات چاہتا ہے لیکن انتہا پسندی اور دہشتگردی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ کچھ ممالک نے دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، دنیا اب ان کے بیانیے پر یقین نہیں کرتی، پاکستان افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے، پاکستان مذاکرات اورسفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان تمام عالمی اور دوطرفہ تعلقات کا احترام کرتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے شنگائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس سی او شاندار میزبانی اور بھرپور انتظامات پر صدر اور حکومت چین کے شکرگزار ہیں، ازبکستان اور کرغزستان کو ان کے یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)علاقائی تعاون و انضمام کے فروغ کے لیے پاکستان کے دیرپا عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چین کی کامیابیاں صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت کا نتیجہ ہیں، چین کی عالمی قیادت ایس سی او ہی نہیں بلکہ دیگر نمایاں اقدامات میں بھی نظر آتی ہے، پاکستان ہمیشہ کثیرالجہتی، مکالمے اور سفارت کاری کی طاقت پر یقین رکھتا ہے، کسی بھی ملک کے لیے خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔


