پی ایم ڈی اے کا راستہ روکنے کیلئے تمام قانونی آپشنز کا استعمال کرینگے ،شہباز شریف
شیئر کریں
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی اے کا راستہ روکنے کیلئے تمام قانونی آپشنز کا استعمال کرینگے۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے)سے متعلق پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہو ا جس میں مسلم لیگ (ن) نے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو روکنے کا فیصلہ کیا۔میڈیا سے متعلق کالا قانون روکنے کے لیے اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ کمیٹی بل کے قانونی اور دیگر پہلوئوں کا جائزہ لے کر حکمت عملی تجویز کرے گی۔شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو صحافتی تنظیموں سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا راستہ روکنے کے لیے تمام قانونی آپشنز کا استعمال کریں گے۔ میڈیا کی تمام نمائندہ تنظیموں نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی اے ایک کالا قانون ہے اور اسے ہر فورم پر روکیں گے۔ نام نہاد قانون کی تیاری میں متعلقہ فریقین سے مشاورت نہیں ہوئی۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ قانون کی تیاری میں متعلقہ فریقین سے تجاویز اور آرا بھی نہیں لی گئیں اور حکومت کا مقصد قانون سازی یا امور بہتر بنانا نہیں بلکہ میڈیا کو اپنا تابع فرمان بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کی رائے اس کالے قانون کی تیاری میں شامل ہی نہیں ہے لیکن اگر یہ کالا قانون منظور ہوا تو ملک سے اظہار رائے کی آزادی کا وجود مٹ جائے گا، آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کا راستہ ہر قیمت پر روکنا ہو گا۔