میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شاہد خاقان عباسی وزیراعظم بن گئے،نوید قمر47شیخ رشید کو 33، ووٹ ملے

شاہد خاقان عباسی وزیراعظم بن گئے،نوید قمر47شیخ رشید کو 33، ووٹ ملے

ویب ڈیسک
بدھ, ۲ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی ملک کے 18ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نئے وزیر اعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی کو نامزد کیا تھا ،ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار نوید قمر، پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے شیخ رشید اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ تھے۔ قومی اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران 342 ارکان کے ایوان میں شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوگئے ہیں، جبکہ نوید قمر کو 47 ، شیخ رشید کو 33، اور طارق اللہ کو 4 ووٹ ملے۔قائد ایوان منتخب ہونے والے شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ (ن) کے علاوہ ایم کیو ایم، جے یو آئی (ف)، نیشنل پارٹی، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ضیا ء کے ارکان نے بھی ووٹ دیے۔قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہم نے من و عن قبول کیا ہے، لیکن پاکستان کے عوام نے اسے قبول نہیں کیا۔ ابھی ایک اور عدالت بھی لگے، جو اس عدالت سے بڑی ہوگی اور وہاں کوئی جے آئی ٹی نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کے 18 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ اسلام آباد میں ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نے شاہد خاقان عباسی سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا، تقریب میں گورنرسندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی سیکریٹریز، مسلح افواج کے سربراہان، مسلم لیگ(ن) کے اہم رہنماؤں، مولانا فضل الرحمان، غیر ملکی سفیروں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 30 سال سے پارٹی کے ساتھ ہوں، نوازشریف نے کبھی کرپشن نہیں کی، پنڈی سے الیکشن لڑنے والے شیخ رشید بھی نواز شریف کے حق میں گواہی دیں گے، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی ملک بنایا یہ ان کی غلطی ہے۔ انہوں نے معیشت کو مضبوط بنایا، وہ ملک میں ایل این جی کو لائے، وزیراعظم کی نشست پر نواز شریف آج بھی موجود ہے۔ وہ ضرور ایک دن واپس آئیں گے۔ نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ آج اس ایوان کا سب سے بڑا کام یہ ہے ایوان اپنی عزت و تقدس کو بحال کرے ٗہمیں آئین کے مطابق چلنا ہے ،حکومت،اپوزیشن، فوج اور عدلیہ سب ایک کشتی میں سوار ہیں، اگر کشتی میں چھید ہوگا توسب ڈوب جائیں گے۔ اپنی ترجیحات کے بارے میں بتاتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کے مسئلے کو سب کو مل کرحل کرناہے،کوئی ملک ایسا نہیں جس میں عام آدمی کو خودکار اسلحہ کا لائسنس دیا جاتاہو، پوری کوشش ہوگی کہ ملک میں شہریوں کے پاس خودکار اسلحہ نہ ہو، وفاقی حکومت اسلحے کے لائسنس جاری نہیں کرے گی۔ کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے گا ،ہم نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو امن دیا اب وہاں انتظامی مسائل حل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ نواز شریف کے وعدے کے مطابق کراچی پیکیج پر عمل درآمد کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹرینز کی ٹیکس ڈائریکٹری دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، ٹیکس دینا قانونی ذمہ داری ہے، ہم نے ٹیکس نہ دینے والوں کے پیچھے جانا ہے، جو ٹیکس نہیں دیتے ان کو ٹیکس دینا پڑے گا اور ہر ایک کو اپنے طرز زندگی کی وضاحت کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اسے مضبوط کریں گے، جہاں لوگ بل ادا نہیں کریں گے وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی، سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں