بھاری ٹیکسز مہنگی بجلی و گیس ،جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں دھرنے کااعلان
شیئر کریں
جماعت اسلامی نے بھاری ٹیکسز اور مہنگی بجلی و گیس کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں اس وقت شدید بحران ہے ۔ بجلی کے بلوں نے سب کو تڑپنے پر مجبور کردیا ہے۔ لوگ اپنے زیورات بیچ کر بجلی کے بل ادا کررہے ہیں۔کل گیس اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ قوم کو اس وقت تنہا نہیں چھوڑ سکتے ۔حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ 12 جولائی کو مہنگائی اور بھاری ٹیکسز کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دیں گے ۔ ملک گیر ہڑتال پر غور کررہے ہیں۔ حکومت کو ظالمانہ ٹیکس ختم کرنے پر مجبور کردیں گے ۔ پیٹرول و گیس کی قیمت میں اضافہ کیا پھر آئی ایم ایف کے ٹیکسز لائے جا رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فری پیٹرول و بجلی لینے والے جرنیل فوجی افسران ججز کہتے کہ ہم مراعات نہیں لیں گے ۔ محدود طبقہ ترقی کررہا ہے اور مڈل کلاس فارغ ہوگئی ہے ۔ دو، تین لاکھ روپے والا تنخواہ دار طبقہ سخت پریشان ہے اگر اس کا ٹیکس کٹے گا تو وہ کیسے پورا کرے گا۔ یہ عوام کو مزید ٹیکسوں کے نیچے دبانا چاہتے ہیں۔ جاگیر داروں سے کوئی ٹیکس نہیں لیا جا رہا۔ بڑے لوگ مزے کررہے ہیں۔ بجلی کے بلوں میں جو ٹیکس ہے پیٹرول پر جو لیوی لگی ان کا پیٹ بھریں گے جو پہلے ہی اربوں روپے کھا گئے ہیں۔ حکومت کوکوئی شرمندگی ہے ۔ وزیراعظم فخر سے کہتے ہیں آئی ایم ایف سے مل کر بجٹ بنایا ہے ۔حکومت ذہنی پسماندگی اور غلامی میں مبتلا ہو چکی ہے۔