سعودی عرب کی 63 فی صد آبادی کی عمر30 سال سے کم
شیئر کریں
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات (جی اے ایس ٹی اے ٹی)نے مملکت کی آبادی سے متعلق نئے اعداد وشمار جاری کیے ہیں اور بتایا ہے کہ مجموعی طور پر 63 فی صد سعودی شہریوں کی عمریں 30 سال سے کم ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعداد و شمار سعودی عرب میں مردم شماری 2022 کے حصے کے طور پر جاری کیے گئے ہیں۔اس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ مملکت میں اب تک کی جانے والی سب سے درست اور جامع مردم شماری ہے۔سعودی عرب کی کل آبادی تین کروڑ بائیس لاکھ (32.2 ملین) نفوس تک پہنچ گئی ہے۔اس میں ایک کروڑ اٹھاسی لاکھ سعودی شہری ہیں اور وہ کل آبادی کا 58.4 فی صد ہیں۔ ایک کروڑ چونتیس لاکھ غیرملکی، تارکینِ وطن ہیں اور وہ کل آبادی کا 41.6 فی صد ہیں۔مردم شماری کے مطابق سعودی عرب کی کل آبادی کی اوسط عمر 29 سال ہے۔مملکت میں مرد کل آبادی کا 61.2 فی صد ہیں جبکہ خواتین آبادی کا 38.8 فی صد ہیں۔