میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بینک جنیٹروں پر جدید آلات نصب کریں، سیپا کی تنبیہ

بینک جنیٹروں پر جدید آلات نصب کریں، سیپا کی تنبیہ

ویب ڈیسک
منگل, ۲ اپریل ۲۰۲۴

شیئر کریں

کراچی نجی بینکوں کے جنریٹر دھویں اور شور سے آلودگی پھیلانے لگے۔ سیپا نے بینکوں کو آلودگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) نے صوبہ سندھ میں کام کرنے والے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے احاطے میں جنریٹرز کی وجہ سے ہونے والی فضائی اور شور کی آلودگی کا فوری طور پر خاتمہ کریں۔ بینکوں کی طرف سے نصب کردہ جنریٹرز اس مسئلے کے اہم حصہ دار ہیں، جو نقصان دہ آلودگی اور زیادہ شور پیدا کرتے ہیں۔ تمام بینکوں کو جاری کردہ مراسلے میں فضائی آلودگی کے خطرات کو اجاگر کیا گیا ہے، جسے دنیا بھر میں موت کی چوتھی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ اس میں عوامی صحت پر اثرات، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کے لیے، اور خراب فضائی معیار کے معاشی نتائج پر زور دیا گیا ہے۔ مراسلے میں خصوصی طور پر جنریٹر کے اخراج کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، جس میں نائٹروجن آکسائیڈز، ذراتی مادے، کاربن مونو آکسائیڈ، اور سلفر ڈائی آکسائیڈ شامل ہیں۔ یہ آلودگی، بنیادی طور پر ڈیزل ایندھن جلانے سے دھند کی تشکیل میں حصہ دار ہیں اور صحت کے سنگین خطرات کا باعث بنتے ہیں۔ سیپا نے بینکوں سے کہا ہے کہ اخراج کے بہتر کنٹرول اور شور میں کمی لانے والی ٹیکنالوجیز کو اپنے جنریٹرز میں لگائیں اور بجلی کے استعمال کے لیے قابل تجدید توانائی کی طرف منتقل ہوں۔ خط میں سیپا کے فضائی اور شور کی آلودگی کے معیارات کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ بینکوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جنریٹر کے اخراج اور شور کی سطح کی جانچ کے لیے سیپا کی طرف سے تصدیق شدہ لیبارٹریز کا استعمال کرکے شعور کے معیارات کی تعمیل کو یقینی بنائیں اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیپا کی نگرانی ٹیمیں شہر بھر میں ہر قسم کی آلودگی پھیلانے والے ذرائع کا معائنہ کریں گی۔ بینکوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی عدم تعمیل کی صورت میں سندھ کے ماحولیاتی قانون 2014 کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ سیپا نے مراسلے کے آخر میں بینک حکام سے کراچی کے فضائی معیار کو بہتر بنانے کی ذمہ داری لینے کی درخواست کی ہے۔ مراسلے میں سیپا کی ویب سائٹ (epasindh.gov.pk) پر تصدیق شدہ لیبارٹریز کی فہرست تک رسائی فراہم کی گئی ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں