14 سالہ طالب علم پر فائرنگ،مرکزی ملزم سمیت 3 افراد گرفتار
شیئر کریں
کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی انڈرپاس میں فائرنگ سے طالبعلم کے زخمی ہونے کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، تفتیشی حکام نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔طالبعلم ایان پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے میں ملوث مرکزی ملزم صفدر کے ساتھ فراز اور عرفان بھی مرکزی پولیس کے ہمراہ موجود تھے۔مرکزی ملزم صفدر سے اسلحہ برآمدگی کا علیحدہ مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق اب تک 14 سالہ ایان پر قاتلانہ حملہ کرنے اور استعمال ہونے والے اسحلے سمیت دو مقدمات ملزمان کے خلاف درج ہوچکے ہیں۔ملزم کے اسلحہ لائسنس کی جانچ کے لئے پولیس نے محکمہ داخلہ کو خط بھی لکھا ہے، جبکہ نائن ایم ایم پستول اور گولیوں کے خول فارنسک کے لئے بھیج دیے گئے ہیں۔گزشتہ رات ایس پی ویسٹ کی انکوائری کمیٹی نے رضویہ انڈر پاس کا دورہ کیا اور واقعہ کے وقت جائے وقوعہ پر موجود موبائلوں کے اہلکاروں کے بیانات بھی قلمبند کیے۔زخمی طالبعلم ایان اس وقت نجی اسپتال میں زیرعلاج ہے، ریڑھ کی ہڈی پر گولی لگنے سے ایان کا نچلا جسم معذور ہوگیا ہے۔فائرنگ کے معاملے میں گلبہار اور رضویہ تھانے کے اہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔