صنعتی آلودگی ،گرمی میں شدت‘پانی کے عالمی ذخائر خاتمے کی جانب گامزن
شیئر کریں
ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کے سبب انٹارکٹیکا کے وسیع وعریض گلیشئر تیزی سے پگھل رہے ہیں،دنیا تیزی سے آبی جنگ کی جانب بڑھنے لگی،ماہرین
ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے پگھلنے والے بیشتر گلیشیئرز کا تعلق مغربی دنیا سے ہے ، اس لیے تیسری دنیا کے لوگوںپر آلودگی میں اضافے کا الزام عاید نہیں کیا جاسکتا
صباءنقوی
ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کے ساتھ ہی دنیا بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور اس گرمی کی وجہ سے دنیا بھر میں گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں ۔ گلیشیئرز پگھلنے کی رفتار میں تیزی کی ان اطلاعات نے دنیا بھر کے ماہرین کو پریشان کردیا ہے ، کیونکہ اطلاعات کے مطابق ماحول کی آلودگی میں اضافے کی وجہ سے پگھلنے والے بیشتر گلیشیئرز کا تعلق مغربی دنیا سے ہے ، اس لیے تیسری دنیا کے لوگوں پر آلودگی میں اضافے کا الزام بھی عاید نہیں کیا جاسکتا ۔ آلودگی میں اضافے کے بارے میں اب تک شائع اور مرتب ہونے والی تقریباً تمام رپورٹوں میں یہ ثابت کیا گیا ہے کہ دنیا میں آلودگی میں اضافے کا سب سے بڑا سبب امریکہ ہے ، اور امریکہ اپنی توانائی کی ضروریات کی تکمیل کے لیے جو حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے اورعالمی منڈی میں اپنے مال کی کھپت میں اضافے کے لیے جو طریقہ کار اختیار کررہا ہے اس سے فضائی آلودگی اور کثافت میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے ۔
عالمی یوم آب کے موقع پر مختلف ممالک اور خاص طورپر امریکہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں ہونے والے سیمینارز میں ماہرین نے دنیا میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو گرمی کی شدت میں اضافے کا بنیادی سبب قرار دیااور تقریباً تمام ممالک میں ماہرین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اگر آلودگی میں کمی کرنے کے لیے امریکہ ،چین، روس اور جرمنی جیسے ممالک نے تعاون نہیں کیا تو دنیا میں مستقبل قریب میں پانی کے ذخائر ناپید ہونا شروع ہوجائیں گے اور مختلف ممالک کے درمیان پانی کے مسئلے پر خوفناک جنگوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
امریکہ کے خلائی تحقیق کے ادارے ناسا نے سن 2005ءمیں اپنی رپورٹ میں یہ واضح کردیا تھا کہ ان کے ماہرین نے انٹارکٹیکا میں تیزی سے برف پگھلنے کا مشاہدہ کیا ہے ۔ناسا نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مصنوعی سیاروں کے ذریعے مسلسل 3 عشروں تک یعنی گزشتہ 30 سال کے دوران انٹارکٹیکا کا جو مشاہدہ کیا گیا ہے اس سے یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ انٹارکٹیکا کے گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں اور ان کے پگھلنے کی رفتار میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔
کیلی فورنیا کی جیٹ پروپلژن لیبارٹری جو ماحولیاتی تحقیق کے کاموں میں کولوراڈو یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کرتی ہے ، انٹارکٹیکا کے بارے میں مصنوعی سیاروں سے حاصل ہونے والی رپورٹوں کا سنجیدگی سے تجزیہ کررہی ہے ۔جیٹ پرپلژن یونیورسٹی کے ماہرین کی ٹیم نے جولائی 1999ءسے جولائی 2005 ءتک انٹارکٹیکا اور گرین لینڈ میں گلیشیئر پگھلنے کی رفتار اور تیزی سے برف پگھلنے کی وجہ سے علاقے پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں تجزیہ اور تحقیق کی ہے ،اس تجزیاتی تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ساﺅتھ پول میں 900 کلومیٹر تک کے علاقے میں برف تیزی سے پگھلنے کے شواہد سامنے آئے ہیں ۔جبکہ ساﺅتھ پول سے 500 کیلومیٹر اوپر کی جانب اور اس کے دہانے پر 2000 میٹر تک کے علاقے میں برف تیزی سے پگھل رہی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مقامات پر ہوا میں گرمی کا تناسب بہت زیادہ ہے اور ان علاقوں میں درجہ¿ حرارت منفی سے بڑھ کر ایک مرحلے میں 4 درجہ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔اور اس کے بعد کم وبیش ایک ہفتے تک اس علاقے میں درجہ حرارت میں اتنی تیزی قائم رہی کہ برف تیزی سے پگھلنا شروع ہوگئی۔
ماہرین کاکہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل تک انٹارکٹیکا میں برف پگھلنے کے کوئی آثار نہیں تھے لیکن ماحول میں آلودگی میں تیزی کے ساتھ اضافے کے سبب اب انٹارکٹیکا میں برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے ۔اور اب مصنوعی سیارے سے موصول ہونے والی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ پورے انٹارکٹیکا میں برف تیزی سے پگھل رہی ہے ۔
کولوراڈو یونیورسٹی کے کون ریڈ اسٹیفن کا کہنا ہے کہ امریکہ کی توانائی کے حصول کے لیے کوششیں ماحول میں گرمی میں اضافے کاسبب بن رہی ہیں لیکن امریکہ یہ بات تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے اور وہ ماحول میں آلودگی پیدا کرنے والے عمل ترک کرنے پر بھی تیارنہیں ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انٹارکٹیکا میں برف پگھلنے کا یہ عمل جاری رہتا ہے تو پھر دنیا کو ایک مہیب سیلاب کا مقابلہ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوگا۔یہی نہیں بلکہ ماہرین کاکہنا ہے کہ اس طرح تیزی سے برف پگھلنے کاعمل اگر بلا تعطل جاری رہا تو دنیا کو پانی کے ہولناک بحران کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ماحولیاتی آلودگی کے سبب دنیا کے بیشتر آبی ذخائر خشک ہورہے یہاں تک کہ سمندر بھی سکڑ تے جارہے ہیں ، جس کی وجہ سے دنیا میں زندگی کا وجود قائم رہنا مشکل ہوتا جارہا ہے ، پانی کے بحران کی صورت میں نہ صرف یہ کہ لوگ پینے کے پانی سے محروم ہوں گے بلکہ زراعت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا جس سے دنیا خوراک کی شدید قلت کا شکار ہوجائے گی اور پوری دنیا ہولناک قحط سے دوچار ہوسکتی ہے ، ماہرین نے اپنی رپورٹ میں پوری دنیا خاص طور پرامریکہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ایسے تمام پلانٹ بند کردے جو ماحول میں آلودگی کا سبب بن رہے ہیں یا ماحول کی آلودگی میں اضافہ کررہے ہیں کیونکہ تازہ ترین اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پورے یورپ اور مغربی دنیا میں امریکہ وہ واحد ملک ہے جو ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول کے انتظامات کرنے سے گریز کررہا ہے اور ایسے پلانٹ نہ صرف یہ کہ بند نہیں کررہا جو ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ اس نے حال ہی میں ایسے مزید پلانٹ لگائے ہیں جن سے آلودگی میں مزید اضافہ ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوگیاہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ بڑے زور شور سے عالمی یوم آب منانے والے دنیا کے یہ بڑے ممالک خود اپنے ماہرین کی رائے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں اور دنیا کو آلودگی کے عفریت سے نجات دلانے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کرتے ہیں۔