میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
الیکشن کمیشن کا سینیٹ انتخابات پرانے طریقہ کار کے تحت کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا سینیٹ انتخابات پرانے طریقہ کار کے تحت کرانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
منگل, ۲ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

 

اسلام آباد:وقت کی کمی کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آج (بدھ)کو ہونے والے سینیٹ انتخابات پرانے طریقہ کار کے مطابق ہی آئین اور قانون کے مطابق منعقد کر انے کا فیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آج (بدھ)کو ہونے والے سینیٹ انتخابات مو جودہ آئین اور قانون کے مطابق ہی ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کااعلیٰ سطح کا اجلاس ہو ا۔ اجلاس میں جسٹس (ر)الطاف ابراہیم قریشی، جسٹس (ر)مسز ارشاد قیصر، نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے سپریم کورٹ کی جانب سے صدارتی ریفرنس میں جو رائے اور حکم جاری کیا گیا ہے اس حکم اور رائے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے اور کرپٹ پریکٹسز اور بدعنوانی کی سرگرمیوں کو روکا جاسکے اور اس حوالہ سے کمیشن تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا، وقت کم ہونے کے باعث طریقہ کار نہیں بدلا جاسکتا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کو ابھی تک سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ یا تفصیلی رائے موصول نہیں ہوئی اور قابل احترام سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنی رائے میں قراردیا ہے کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہوتے ہیں اور جو قانون ہے وہ سیکرٹ بیلٹ کا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے گذشتہ روز اپنی رائے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آرٹیکل218-3کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے میکنزم بنانے کی ضرورت ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز دی جانے والی رائے پر عملدآمد کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے ۔ سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالہ سے کمیٹی چار ہفتے میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی اور نادرا، ایف آئی اے ، وزارت آئی ٹی اور متعلقہ دیگر اداروں اور افراد سے بھی معاونت حاصل کرے گی۔ تین رکنی کمیٹی میں اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی آئی ٹی اور جوائنٹ پنجاب الیکشن کمشنر سعید گل شامل ہوں گے ۔ کمیٹی کے کنویئر اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ہوں جبکہ دیگر دوافراد کمیٹی کے رکن ہوں گے ۔نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے اراکین کے لئے سینیٹ الیکشن کے حوالہ بیلٹ ٹریس ایبل نہیں ہو گا اور بیلٹ پیپر پر کسی قسم کا نشان نہیں ہو گا اور بیلٹ پیپر پر کوئی نام نہیں لکھا جائے گا ، سینیٹ انتخابات خفیہ ہوں گے اور سینیٹ کے بیلٹ پیپر کی نشاندہی نہیں کی جاسکے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں