اینٹی کرپشن کا پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لاڑکانہ کے دفتر پر چھاپہ
شیئر کریں
صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کی ہدایت پر کرپشن کے خلاف جاری مہم کے دوران اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاڑکانہ کی ایک ٹیم نے سرکل افسر امان اللہ راجپر کی قیادت میں جوڈیشل مجسٹریٹ لاڑکانہ ون عادل عزیز سولنگی کی موجودگی میں ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ واضح رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن لاڑکانہ سرکل کو 45 ملین روپے کمیٹی کی بغیر منظوری کے خرچ کرنے کی شکایات ملی تھیں۔ یہ شکایت ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے اینٹی کرپشن لاڑکانہ سرکل کو تحریری طور پر دی تھی۔ شکایت ملنے پر اینٹی کرپشن ٹیم لاڑکانہ نے کارروائی کرتے ہوئے ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لاڑکانہ کا متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کی جارہی ہیں اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔