پی ٹی آئی احتجاج ،بشریٰ بی بی، گنڈاپور کے خلاف مزید ایک مقدمہ
شیئر کریں
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈی چوک پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی و دیگر رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں 7 (اے ٹی اے ) سمیت 20 دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمے میں پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سینٹر فیصل جاوید، عاطف خان اور اسد قیصر کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ 15سے 18ہزار افراد نے بشری بی بی اور علی امین گنڈا پور کی قیادت میں ڈی چوک پر حملہ کیا، ہجوم کے پاس اسلحہ بھی موجود تھا۔مزید کہا گیا ہے کہ مسلح ہجوم میں ریاست مخالف تقاریر بھی چلائی گئیں۔واضح رہے کہ 27نومبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے بعد وفاقی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں عمران خان، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور و دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مزید 8 مقدمات درج کرلیے گئے تھے ۔