ن لیگ ناکام،سیاست کی شوباز ہے، بلاول بھٹو
شیئر کریں
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو نئی سوچ اور سیاست کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو نفرت اور انتقام کی پرانی سیاست کو دفن کرنا پڑے گا۔کوئٹہ میں یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں اس سیاست کی ضرورت ہے جس میں اتحاد کے بارے میں سوچیں نہ کہ تقسیم کے بارے میں، آج کل کچھ لوگ چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، پیپلزپارٹی پیپلز چارٹر آف اکانومی لائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے، غریبوں کا خیال صرف ہماری پارٹی رکھتی ہے، دوسری جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، کوئی کھلاڑی نہیں میں نوجوانوں کی نمائندگی کروں گا۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سیاستدان اپنی انا کے بجائے عوام کی خدمت کا سوچیں، پیپلزپارٹی کا مخالف کوئی سیاستدان نہیں، آصف زرداری نے نفرت کی سیاست کو ختم کیا ہے، آصف زرداری نے ملک کو سی پیک دیا، آئین میں 18 ویں ترمیم کی، انہوں نے پاکستان کے غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا، انشا اللہ پیپلزپارٹی ہی آنے والا الیکشن جیتے گی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے اقتدار میں آ کر نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ اور کسانوں کو سبسڈی دینے کا بھی وعدہ کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا، مزدوروں کو حقوق دینے کیلئے ’بے نظیر مزدور کارڈ‘ بھی لائیں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ مہنگائی لیگ بن چکی ہے، یہ فیل ہوچکے ، عوام کو معلوم ہے یہ سیاست کے شوباز ہیں۔یپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانے والے لیڈر کو پیچھے کھینچنے والی بہت سی طاقتیں موجود ہیں۔پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور تمام پارٹی قائدین کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان میں ہر خوبی ہے، بلوچستان پاکستان کا دل ہے، افسوس ہے اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کو نظر نہیں آتا کہ دل بلوچستان ہے۔ کہا کہ پیپلزپارٹی کو نظر آتا ہے بلوچستان پاکستان کا دل ہے، بلوچستان کی دھرتی کے نیچے بہت بڑا غم اور دکھ پھیلا ہوا ہے، ہم نے بلوچستان والوں کو اپنی دھرتی کا مالک بنانا ہے، پاکستان ایک ایکسپورٹ ملک تب بنتا ہے جب بلوچستان کے پاس پانی آتا ہے، ہم بلوچستان کو پانی دیں گے، ہمارے پاس فارمولے ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ ہمارے پاس ملکی مسائل کے حل کیلئے فارمولے ہیں، میرے بیٹے نے پہلا نوجوان وزیر خارجہ بنکر پرچم اونچا کیا، آج لوگ بلاول بھٹو کو اس کی اپنی شناخت سے جانتے ہیں، ہم نے ہر موسم میں بلاول بھٹو کی سپورٹ، تربیت کرنی ہے، ہم نے بلاول کو نوجوانوں کا اور آنے والا کل کا لیڈر بنانا ہے۔