میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ ،افسران و پولیس پر حملہ، تین افراد گرفتار

سندھ بلڈنگ ،افسران و پولیس پر حملہ، تین افراد گرفتار

ویب ڈیسک
بدھ, ۱ نومبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

(نمائندہ جرأت ) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران اور پولیس پر حملہ اور کار سرکار میں مداخلت پر 3؍افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ شدید احتجاج اور پتھراو کے باعث بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو آپریشن روکنا پڑا ۔آج عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر پولیس کی بھاری نفری اور رینجرز کے ساتھ کھڈا لیاری کے علاقے میں غیر قانونی سات منزلہ بلڈنگ پر کارروائی کے لیے پہنچی تو وہاں موجود مردوں عورتوں اور بچوں نے سخت احتجاج کیا۔ بلڈنگ کا گیٹ بند کر دیا ۔اس سے قبل بلڈنگ کو بنیادی سہولتوں سے پہلے ہی محروم کر دیا گیا تھا۔ اس کے باوجود مکینوں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کاغذات موجود ہیں ۔انہوں نے بلڈر سے فلیٹ خریدے ہیں انہیں نہیں معلوم تھا کہ بلڈنگ غیر قانونی ہے، اب اگر بلڈنگ کو توڑنا ہے تو ہمیں متبادل دیا جائے یا بلڈر سے ہماری رقم واپس دلائی جائے۔ بصورت دیگر ہم اپنی جان دے دیں گے لیکن اپنے گھر توڑنے نہیں دیں گے۔ اس موقع پر عورتوں اور بچوں نے نہ صرف پتھراؤکیا بلکہ اپنے آپ کو بھی پتھروں سے زخمی کرنا شروع کر دیا۔ یاد رہے اس سے پہلے آگرہ تاج کالونی کی سات منزلہ غیر قانونی بلڈنگ کی چھت سے ایک شخص نے کود کر خودکشی کی کوشش کی تھی جسے مشکل سے نیچے اتارا گیا تھا۔ جبکہ آج پولیس عورتوں اور بچوں کے سامنے بے بس ہو گئی اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو آپریشن روکنا پڑ گیا لیکن پولیس نے کارروائی کے دوران بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی و پولیس افسران پر پتھراؤ کرنے اور سرکاری کام میں مداخلت پر تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں تھانہ بغدادی میں ایف آئی آر نمبر 392/2023 درج کر لی ہے۔ گرفتار ملزمان میں سلمان خان ولد گل بادشاہ، عامر ولد تاج محمد اور فیضان ولد بخت بادشاہ شامل ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں