میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی،عمران خان

دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی،عمران خان

ویب ڈیسک
جمعه, ۱ نومبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں آخری پتا کھیل گیا، دنیا بھر میں اہل کشمیر کی وکالت کروں گا،دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی، گلگت کے عوام نے جنگ نہ لڑی ہوتی تو آج مودی کے ظلم کا شکار ہوتے ،بھارت کی 9 لاکھ فوج نے کشمیریوں کو انسانوں نہیں بلکہ جانوروں کی طرح بند کرکے رکھا ہوا، اپنے کشمیری بھائیوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ساری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے آپ کے لیے دعائیں کررہی ہے ، پاکستانی قوم کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں آپ دیکھیں گے یہی قوم دنیا میں مثال بنے گی،ہمارا ملک اس وقت اٹھے گا جب ہم مسلمانوں کو دنیا کی عظیم قوم بنانے کے لییرکھی گئی بنیاد کے اصولوں پر پاکستان کو چلائیں گے ،ان اصولوں کی بنیاد عدل اور انصاف ہے جتنا ہم ملک میں عدل اور انصاف پر زور دیں گے اتنی ہی ہماری قوم پر اللہ کی برکت آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت میں گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ آزادی پریڈ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان راجا جلال حسین مقپون اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔گلگت بلتستان کے یوم آزادی پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے شہریوں کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی اور کہا پاکستان کے دیگر علاقوں میں موجود افراد نہیں جانتے کہ 1947 میں گلگت بلتستان میں کیا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگوں کو اندازہ ہے کہ یہاں کے لوگوں نے آزادی کی جنگ لڑی تھی، ڈوگرہ حکومت کو شکست دی، آزاد ہوئے اور 1948 میں بلتستان اور اسکردو کو آزاد کروایا۔وزیراعظم نے کہا کہ جب یہ دعوی کرتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی خدا نہیں، ہم اس کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے تو یہ انسان کو آزاد کرتا ہے ، اسے غیرت دیتا ہے کیونکہ وہ انسانوں کے سامنے نہیں جھکتا، ہاتھ نہیں پھیلاتا صرف اللہ پر امید رکھتا ہے ۔میں اپنی قوم کو دنیا کی تاریخ سب سے عظیم انسان نبی کریم کا ایک واقعہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ کلمہ توحید کیا چیز ہے ، ریاست مدینہ نئی نئی بنی تھی، 2 سپرپاورز تھیں رومن ایمپائر اور پرشین ایمپائر جبکہ مسلمان چند ہزار تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ 627 کو نبی کریم نے رومن بادشاہ کو خط لکھا اور 628 کو پرشین بادشاہ کو خط لکھا کہ میں اللہ کا پیغام لے کر آیا ہوں حق اور سچ کا پیغام اگر تم اس پیغام کو سنو گے اپنی بہتری کے لیے اگر نہیں سنو گے تو یہ تمہاری بربادی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ نبی کریم نے خط لکھے تھے اور کس کو پتہ تھا کہ 10 سال وہ سپر پاورز مسلمانوں کے سامنے گھٹنے کا ٹیک دیں گے ۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نبی کریم کی امت ہیں، ہم وہ واحد ملک ہیں جو اسلام کے نام پر بنا تھا ، ہمیں مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر چلنا ہے مدینہ کی ریاست نبی کی سنت تھی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں ان اصولوں پر چلنا ہے جو بنیاد رکھی گئی تھی مسلمانوں کو دنیا کی عظیم قوم بنانے کے لیے ، ہمارا ملک اس وقت اٹھے گا جب ہم انہی اصولوں پر پاکستان کو چلائیں گے ۔عمران خان نے کہا کہ ان اصولوں کی بنیاد عدل اور انصاف ہے جتنا ہم ملک میں عدل اور انصاف پر زور دیں گے اتنی ہی ہماری قوم پر اللہ کی برکت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں آپ دیکھیں گے یہی قوم دنیا میں مثال بنے گی۔عمران خان کا کہنا تھا خوف انسان کو غلام بنا دیتا ہے ، ہمارا دین ہمیں خوف سے نجات دلاتا ہے ، 52 سال پہلے سکول کے ساتھ گلگت بلتستان آیا تھا، گلگت بلتستان جیسا خوبصورت علاقہ دنیا میں نہیں، گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے ، چین دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے کشمیری بہن، بھائی ، بچوں پر گزشتہ تقریباً تین ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کی ظالمانہ حکومت نے کرفیو لگایا ہوا ہے ، ان کے سارے بنیادی حقوق ختم کئے ہوئے ہیں، کشمیریوں کو انسانوں نہیں بلکہ جانوروں کی طرح رکھا ہوا ہے ، بھارت کی 9 لاکھ فوج نے کشمیریوں کو بند کرکے رکھا ہوا۔عمران خان نے اپنے کشمیری بھائیوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ساری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے آپ کے لیے دعائیں کررہی ہے ۔ میں آپ کا سفیر بھی بن چکا ہوں ، ترجمان بھی بن چکا ہوں اور انشاء اللہ دنیا میں آپ کا وکیل بھی بن کر ساری دنیا میں آپ کی وکالت کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر جس طرح ظلم ہو رہا ہے ، نریندر مودی پانچ اگست کو اپنا آخری پتہ کھیل گیا ہے جیسے ہی کرفیو اٹھے گا انسانوں کا سمندر اپنی آزادی لینے کے لئے باہر نکلے گا اور پہلے سے زیادہ جوش اور جذبہ میں اپنی آزادی مانگیں اور کوئی طاقت کشمیر کو آزاد ہونے سے روک نہیں سکتی۔ گلگت بلتستان کے دورے کے دوران وزیراعظم نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے ، شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی آزادی پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں