نوازشریف کے دونوں بیٹوں کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم
شیئر کریں
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے مختلف کمپنیوں میں شیئرز منجمد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں عدم پیشی پر سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کررکھے ہیں، جبکہ عدالت نیب ریفرنسز میں میاں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سمیت اسحاق ڈار پر بھی فرد جرم عائد کرچکی ہے۔منگل کو احتساب عدالت میں حسن اور حسین نواز کے خلاف نیب ریفرنسز پر سماعت ہوئی جس میں نیب حکام نے دونوں ملزمان کے اثاثوں سے متعلق رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ ایس ای سی پی کے مطابق حسن اور حسین نواز کے 6 کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔عدالت نے نیب کی رپورٹ کے بعد ایس ای سی پی کو حسن اور حسین نواز کے شیئرز منجمد کرنے کی ہدایت کردی،جبکہ عدالت نے دونوں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کردی ہے اورکہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان اگر 8 نومبر تک پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔بعد ازاں احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور لندن فلیٹس سے متعلق تین ریفرنس دائر کیے ہیں۔