میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
طوفانی بارشیں، ریلیف کے موثر پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے،سید ناصر شاہ

طوفانی بارشیں، ریلیف کے موثر پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے،سید ناصر شاہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۱ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

سندھ کے وزیر بلدیات،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیہی ترقی، سید ناصر حسین شاہ کی صدارت میں ایک اہم اجلاس جمعرات کو محکمہ بلایات کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں حالیہ امکانی طوفانی بارشوں کے پیش نظر صوبے میں ریلیف اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی نواب خان وسان، سیکریٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ،مینجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسداللہ خان، کراچی کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے آن لائن شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصرحسین شاہ نے افسران سے بارشوں میں پانی کی بروقت نکاس کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا پوچھا اور کہا کہ تمام ایسے مقامات جہاں پانی کھڑا ہوسکتا ہے وہاں مشینری اور عملہ ہمہ وقت موجود رکھا جائے اور آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ پیدا ہونے دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانی رکنے کے چوکنگ پوائنٹس اور انڈر پاسز پر پانی نکالنے کی مشینری اور متعلقہ لازما موجود رہے اور افسران اپنے اپنے زیر انتظام علاقوں میں خود موجود رہ کر عملے اور افسران کی کارکردگی کی نگرانی کریں۔صوبائی وزیر بلدیات نے افسران کو ہدایات دیں کہ کوئی کوتاہی اور نااہلی قطعا برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں کراچی کی ضلعئی میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز نے اپنے اپنے اضلاع کے انتظامات کی بابت تفصیلی بریفنگ دی۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انتظامات کی افادیت بارشوں میں نظر آنی چاہئے کیونکہ یہ ہی کارکردگی کا پیمانہ ہے اور کارکردگی انہی عوامل کی روشنی میں جانچی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جن علاقوں میں نکاسی کی لائنیں طوفانی بارش کے پانی کی نکاسی میں کچھ وقت لیتی ہیں ایسے مقامات کے بارے میں شہریوں کو قبل از وقت آگاہی فراہم کرنے کے لئے ایڈوائزری جاری کی جائے تاکہ شہری صوتحال کے بارے میں پہلے سے آگاہ اور تیار ہوں۔ اجلاس میں متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں بالخصوص کے الیکٹرک کے ساتھ موثر رابطے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں طوفان کے پیش نظر بل بورڈ گرنے کے واقعات کے تدارک کے لئے فوری ایکشن کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ نے ہدایت کی کہ تمام افسران آج ہی اپنے اپنے علاقوں میں انتظامات کاجائزہ لے کر واٹس ایپ رپورٹ بھیجیں اور بارشوں کے اختتام کے بعد جو بھی مشکلات انتظامی عمل میں پیش آئیں ان کے بارے میں مفصل رپورٹ پیش کریں تاکہ آئندہ موسم برسات میں انتظامات میں مزید بہتری لائی جاسکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں