پنجاب کے بعد،سندھ حکومت کا بھی بجلی ریلیف دینے کا پلان
شیئر کریں
پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی بجلی کے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کا پلان تیار کرلیا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کا بڑا منصوبہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے حوالے کردیا۔۔منصوبے میں پانچ سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کی سفارش کی گئی ہے۔اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے پیک آور چارجز اور مختلف سلیبز ختم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہوگی تو طلب بڑھے گی، اضافی بجلی بھی استعمال میں آ جائیگی۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے یہ تجویزویڈیو لنک پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے بات چیت کرتے ہوئے پیش کی۔ وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر نے کم آمدنی والے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تین سو سے پانچ سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی صارفین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔اویس لغاری کا کہنا تھا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر بجلی کی طلب میں کمی ہوگئی ہے۔ ڈیمانڈ کے حوالے سے پیک آور بھی تبدیل ہوگئے ہیں اس لیے وزیراعلیٰ سندھ کی اس تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے تاہم مختلف سلیبز کے خاتمے پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔