بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف مائیں، بہنیں سراپا احتجاج ہیں، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف کراچی کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں سراپا احتجاج ہیں۔جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے، کیالیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز سمیت مختلف ٹیکسوں کی بھر مارکے خلاف 2 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال کے سلسلے میں نیو ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔حافظ نعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف کراچی کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں سراپا احتجاج ہیں، کے الیکٹرک کے خلاف آئندہ دنوں میں دھرنے کا بھی اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے بلوں میں بے تحاشہ اضافے اور ظالمانہ ٹیکس عائد کردیے ہیں۔ کراچی کے عوام قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے، ہم پر امن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں۔حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی پشت پر ہے۔ ہم پر امن احتجاج کریں گے، ہڑتال بھی کریں گے، احتجاج بھی کریں گے اور دھرنا بھی دیں گے۔