ملک میں سبزیوں کابحران برقرار حکومت کا ایران اور افغانستان سے پیاز، ٹماٹر کی درآمد کرنے کافیصلہ
شیئر کریں
بھارت سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے،وزیر تجارت
وفاقی کابینہ نے پیاز اور ٹماٹر پر ٹیکس چھوٹ کی بھی منظوری دے دی ہے جو 31 دسمبر 2022 تک ہوگی،ذرائع
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی کابینہ نے ایران اور افغانستان سے پیاز، ٹماٹر کی درآمد کی منظوری دے دی۔وزیر تجارت نوید قمر نے بتایا کہ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لی گئی البتہ بھارت سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دباؤ ہے، قیمتوں میں استحکام کیلئے دو ملکوں سے درآمد کی اجازت دی ہے ،ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کیلئے ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان سے درآمد نجی شعبہ کرے گا جس میں حکومت سہولت کار ی کا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے درآمد سے متعلق باتیں سامنے آرہی ہیں اس حوالے سے فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کے بعد کیا جائیگا، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ خارجہ پالیسی پر کیا اثرات پڑیں گے۔دوسری جانب کابینہ نے پیاز اور ٹماٹر پر ٹیکس چھوٹ کی بھی منظوری دے دی ہے جو 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔