سیلاب زدگان کی مددپر عالمی برادری کے مشکورہیں
شیئر کریں
وزیر اعظم کی خیبر پختوانخوا متاثرین کی بحالی کیلئے 10 ارب روپے کی گرانٹ
ہم این ڈی ایم اور کے پی حکومت کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مل کر کام کریں گے، شہباز شریف
متاثرین کی داد رسی حکومت کا فرض ہے، نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، 3 ہزار 500 کلو میٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے،خطاب
کالام (نیوز:ایجنسیاں)وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختوانخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران بحالی کے لیے 10 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم این ڈی ایم اور کے پی حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کے لیے کام کریں گے،اتحادی حکومت آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطرہ سے نکل گیا، اللہ کرے پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، ہم پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویاہوا مقام واپس دلانے کے لئے کوشاں ہیں،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ان علاقوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو جمعرات تک نکال لیں گے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد کانجو میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج میں خیبر پختونخوا کے دورہ پرآیا ہوں لوگوں سے ملا ہوں۔ان سے بات چیت کی۔یہاں سنٹر میں عورتوں،بچوں سمیت کافی سیاح بھی موجود ہیں انہیں ان کے گھروں تک پہنچا دیں گے،افواج پاکستان کے ہیلی کاپٹر انہیں نکال رہے ہیں۔یہاں پھنسے تمام سیاحوں کو نکالیں گے،مدین،بحرین کالام میں دریامیں پانی چڑھنے سے تباہی ہوئی ،کوئی شک نہیں کہ یہ قدرتی آفت ضرور تھی لیکن ناقص انسانی منصوبہ بندی کی وجہ سے یہ نقصان ’’مین میڈ‘‘ ہے۔ہوٹل دریائوں میں اور پانی میں غلط طور پر تعمیر کئے گئے۔پل بھر میں یہ مسمار ہوئے،گھروں کو نقصان پہنچا،پل سڑکیں متاثر ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان صوبائی حکومت ،مسلح افواج پاکستان،این ڈی ایم اے،منتخب نمائندے،انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر دن رات مدد کررہے ہیں۔یہاں سے سیاحوں کے انخلا کا عمل دن رات جاری ہے اس پر آرمی چیف اور ائیر چیف کے شکر گزار ہیں۔بتایا گیا ہے کہ جمعرات تک یہاں پھنسے تمام سیاحوں کو نکال لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں جو تباہی آئی ہے ، یہ دریا کے بپھر جانے کی وجہ سے آئی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف نے بھی یہاں کادورہ کیا۔سندھ بلوچستان میں بارشوں سے تباہی ہوئی ایک ہزار سے زیادہ لوگ جاں بحق ہوئے۔تمام میدانی علاقے سمندر کا منظر پیش کررہے ہیں،ہزاروں لوگ زخمی ، لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔7 لاکھ جانور پانی میں بہہ گئے۔لاکھوں ایکڑ اراضی پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔کھجور کیدرخت،چاول کپاس کی فصل تباہ ہوئی۔انہوں نے کہا لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے پناہ لئے ہوئے ہیں۔پوری قوم کی کاوش سے انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے۔