کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا، کراچی کا 80 فیصد حصہ بجلی سے محروم
شیئر کریں
نیشنل گرڈ میں فنی خرابی کے باعث کراچی کا 80 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔جام شورو ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے کے الیکٹرک کا سسٹم بھی بیٹھ گیا، کے الیکٹرک بن قاسم کے پلانٹس ٹرپ کرگئے جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔پی آئی بی کالونی، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ناظم آباد، نرسری، پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو، محمود آباد، منظور کالونی میں بجلی بند ہے۔ملیر، ماڈل کالونی، سعدی ٹاؤن، صدر، ڈیفنس، کلفٹن اور ایم اے جناح روڈ کے ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔کے الیکٹرک کے 1400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں، شکایات ہونے کے باعث کے الیکٹرک ہیلپ لائن 118سسٹم بھی بیٹھ گیا، صارفین کوشکایت درج کرانے میں مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے بیشتر علاقوں میں بجلی بندش کی اطلاعات ملی ہیں، کے الیکٹرک کی ٹیم بجلی کی اچانک بندش کا جائزہ لے رہی ہے۔دوسری جانب کراچی میں بجلی کے بعد واٹر بورڈ کی تنصیبات بھی بری طرح متاثر ہوئیں، دھابیجی،گھارو،،پیپری اورحب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بند ہونے سے شہر کو پانی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں شدید گرمی اور گرم ہواؤں کے تھپیڑوں نے عوام کو پہلے ہی پریشان کررکھا تھا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج درجہ حرات 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا تھا۔