کے الیکٹرک اور بجلی تقسیم کار کمپنیاں زائد بلنگ میں ملوث
شیئر کریں
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کے مطابق کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں زائد بلنگ میں ملوث پائی گئی ہیں۔اپریل تا جون 2024 میں زائد بلوں کا معاملے پر نیپرا افسران نے اپنی رپوٹ مرتب کر کے اتھارٹی کو پیش کر دی، رپورٹ میں کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو زائد بلوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے، نیپرا نے تمام تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک سے زائد بلنگ کے معاملے پر وضاحت طلب کر لی۔اتھارٹی نے رپورٹ کی روشنی میں تمام تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک کو ہدایات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، نیپرا نے کہا کہ مقررہ بلنگ مہینوں سے کم ریڈنگز کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے صارفین کو ریکارڈ شدہ اصل یونٹس کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے۔ نیپرا نے کہا کہ مقررہ بلنگ مہینے بل جمع نہ کرانے والوں کو لیٹ پیمنٹ سرچارج (LPS) نہیں لگایا جائے گا، اس کے علاوہ جن صارفین نے LPS کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کی ہے انہیں بھی ایڈجسٹ کیا جائے۔ نیپرا نے کہا کہ اوسط بلنگ سے بچنے کے لیے فوری طور پر خراب میٹروں کو تبدیل کیا جائے، تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ میٹر ریڈنگ میں کنزیومر سروسز مینول کی شقوں پر عمل کریں، اور تمام ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ تیس (30) دنوں کے اندر جمع کرائی جائے۔