عمران خان سے حکومت نہ لیتے تو ملک ٹکڑے ٹکڑے ہوجاتا‘مولانا فضل الرحمن
شیئر کریں
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے قبل پی ڈی ایم کے اعلامیے میں نواز شریف کی مرضی بھی شامل تھی،پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو گروی رکھ دیا ہے ، جس دلدل میں ہمیں پھنسایا گیا اس سے نکلنا آسان نہیں ،عمران خان سے حکومت نہ لی جاتی تو ملک ٹکڑے ٹکڑے ہوجاتا،تحریک انصاف کی خالی کردہ نشستوں پر ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ ہو چکا ہے،پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ملک کو تباہ کرنے کے مترادف ہے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،ہمارے قبائلی نوجوان اپنے مستقبل کی وجہ سے سب سے ذیادہ پریشان ہیں ،رواں ہفتے میں وزیر اعظم سے اس متعلق ملاقات کروں گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدم اعتماد سے قبل ایک رائے تھی کہ نئے انتخابات کرائے جائیں اور نواز شریف نے اب اسی رائے سے متعلق بیان دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ایسے معاہدے کر کے گئی کہ ملک کو گروی رکھ دیا ہے اور جس دلدل میں ہمیں پھنسایا گیا اس سے نکلنا آسان نہیں لیکن حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جن لوگوں نے ملکی معیشت کو ڈبویا ہے دوبارہ ان پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے اور پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ملک کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے قبائلی نوجوان اپنے مستقبل کی وجہ سے سب سے ذیادہ پریشان ہیں اور میں اس ہفتے میں وزیر اعظم سے اس متعلق ملاقات کروں گا۔