میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ، اب اچھی معیشت دیں گے‘وزیر خزانہ

پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ، اب اچھی معیشت دیں گے‘وزیر خزانہ

ویب ڈیسک
پیر, ۱ اگست ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ادائیگیوں کی وجہ سے روپے پر دباؤ آیا، ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ، اب پاکستان کو ایک اچھی معیشت دیں گے ،اگست میں روپے پر سے دباؤ کم ہوجائے گا،پاکستان کو رواں سال سود کی مد میں 4 ہزار ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے،پی ٹی آئی نے ایک پیسے کی اصلاحات نہیں کیں،تحریک انصاف ملک کو دیوالیہ کرنے کے قریب چھوڑ گئی، اسے بچانے کیلئے ہم سب کو ٹیکس دینا ہوگا،کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی گاڑیوں، موبائل فونز اور گھریلو برقی آلات کی درآمد سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے چکی ہے جس کے بعد وزیراعظم اور کابینہ کی منظوری کیلئے بھیجا جائے گا۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ 3.8 ارب ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات خریدی تھیں جس کی ادائیگیاں جولائی میں کی گئیں جس کے باعث روپے کے اوپر بہت دباؤ آیا کیونکہ ادائیگیاں زیادہ ہوتی تھیں ،ڈالر کی آمد کم تھی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں ماہ ہمیں 80 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک کو زیادہ دینے پڑے ،کیوں کہ درآمدات، ادائیگیاں، ترسیلات زر ملا کر ہمیں 800 ملین ڈالر کا خسارہ ہوا ہے چونکہ جولائی میں درآمدات کی رسائی کم ہے لہٰذا اس کی ادائیگیاں بھی کم ہوں گی چنانچہ ہم دیکھیں گے کہ اگست سے یہ دباؤ ختم ہوجائے گا اور جو 5 ارب ڈالر کی درآمد ہوئی ہے وہ جون کے 7.7 ارب ڈالر کے مقابلے 2.7 ارب ڈالر کم ہے جس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔انہوںنے کہاکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی گاڑیوں، موبائل فونز اور گھریلو برقی آلات کی درآمد سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے چکی ہے جس کے بعد اسے وزیراعظم اور کابینہ کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے بعد ڈالر ہمارے قابو سے باہر ہوا اور اس کی قدر میں زیادہ اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ میں کرنسی مارکیٹ پر قیاس آرائی نہیں کرتا لیکن سمجھتا ہوں کہ روپے کی حقیقی قدر اس سے بہت زیادہ ہے چونکہ ڈالر میں زیادہ ادائیگیاں کرنی پڑیں اس لیے روپے پر دباؤ بڑھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں