کراچی، حیدرآباد‘سکھر کی جیلوں میں رینجرزوپولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن
شیئر کریں
شہر قائد سمیت سندھ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر رینجرز اور پولیس نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا۔رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی اور درپیش خطرات کے پیش نظر جیلوں میں آپریشن کیا گیا ہے۔رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ سندھ کی جن تین جیلوں میں آپریشن کیا گیا ان میں سینٹرل جیل کراچی، حیدر آباد اور سکھر جیل شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں رینجرز کے مختلف ونگز نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران تینوں جیلوں کے تمام قیدیوں، بیرکس اور سیلز کی تلاشی لی گئی، آپریشن میں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سونگھنے والے سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی۔تلاشی کے دوران جیلوں سے مختلف ممنوعہ اشیا برآمد کی گئیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ قیدیوں سے ٹیلی ویژن، چاقو، قینچی، یو ایس بی، میموری کارڈ ملے، ایم پی فائیو، لائٹرز، ناخن تراش اور ہیٹر بھی برآمد ہوئے ہیں۔سندھ رینجرز کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جیلوں کے داخلی و خارجی راستوں کو چیک کیا گیا، سیکورٹی سے متعلق جیلوں کے دیگر انتظامات بھی چیک کیے گئے۔