خودمختارپارلیمان ہماری جمہوریت کا دھڑکتا ہوا دل ہے(بلاول بھٹو)
شیئر کریں
پارلیمان میں گونجتی ہر منتخب آواز قوم کی قربانیوں کی عکاس ، امن، انصاف اور پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے
کسی کو بھی پارلیمان کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے،عالمی یوم پارلیمان پر پیغام
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیٔرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خودمختار پارلیمان امن، انصاف اور پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے،پارلیمان میں گونجتی ہر منتخب آواز ہماری قوم کی قربانیوں اور جدوجہد کی عکاس ہے، کسی کو بھی پارلیمان کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مضبوط اور خود مختار پارلیمان امن، انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے، پارلیمان صرف اینٹ پتھروں کی عمارت نہیں بلکہ عوامی امنگوں کی نمائندہ، امیدوں کی پناہ گاہ اور آزادیوں کی محافظ ہے، پارلیمان میں گونجتی ہر منتخب آواز ہماری قوم کی قربانیوں اور جدوجہد کی عکاس ہے، جس میں جمہوریت کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا شامل ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ ہمیں یہ سبق دیتی ہے جب بھی پارلیمان کو کمزور کیا گیا، عوام کو نقصان پہنچا اور جب بھی پارلیمان کو خاموش کیا گیا، قوم کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑی، کسی کو بھی پارلیمان کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ تمام جمہوری قوتوں پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی روایات کے دفاع اور پارلیمان کو قومی فیصلوں کے مرکز میں اس کا جائز مقام واپس دلانے کے لیے متحد ہوں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بطور نوجوان جمہوریت پسند وہ پارلیمان کو مساوات، انصاف اور وقار کے خوابوں کو قانون کی شکل دینے کی جگہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم پارلیمان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پارلیمان صرف بحث و مباحثے کا ایوان نہیں بلکہ ہماری جمہوریت کا دھڑکتا ہوا دل ہے جس کا تحفظ ہمارا مقدس فریضہ ہے۔


