میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بیوہ خاتون اور بیٹی کو قید کر کے دیوار چننے والا ملزم گرفتار

بیوہ خاتون اور بیٹی کو قید کر کے دیوار چننے والا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک
پیر, ۱ جولائی ۲۰۲۴

شیئر کریں

سندھ کے شہر حیدر آباد میں بیوہ خاتون اور اس کی بیٹی کو قید کر کے دیوار چننے والا ملزم گرفتار کر لیا گیاجبکہ ماں بیٹی کو کمرے میں بند کرکے دروازے پر دیوار چن دینے کے واقعے سے متعلق نئی ویڈیوبھی منظرعام پر آگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں ایک بیوہ خاتون اور بیٹی کو قید کر کے دیوار چننے والا ملزم گرفتار ہو گیا، حیدر آباد تھانہ بی سیکشن پولیس نے ملزم وسیم کو گرفتار کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم وسیم بیوہ اور بیٹی کو قید کرنے والے مرکزی ملزم سہیل کا سالا ہے ، ملزم وسیم نے اپنے بہنوئی سہیل کے ساتھ مل کر ماں بیٹی کو قید کیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں ماں اور بیٹی کو دیوار میں چنوانے کے واقعے کا انکشاف ہوا تھا، لطیف آباد 5 نمبر میں بھتیجوں نے چاچی اور اس کی بیٹی کو قید کر دیا تھا اور فرار ہو گئے تھے ، بعد ازاں پڑوسی خاتون کے فون کرنے پر بیٹی نے بتایا کہ انھیں کمرے میں بند کر کے دیوار چنوا دی گئی ہے ، جس پر پولیس کو مطلع کر دیا گیا اور پولیس نے دیوار توڑ کر متاثرہ خواتین کو بازیاب کیا۔ واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ، جس کے مطابق بیوہ خاتون تسلیم اور ان کی 14 سالہ بیٹی دعا کو جائیداد کے تنازع پر دیوار میں چنوایا گیا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق مکان کے تین حصے ہیں، ایک حصے میں ماں اور بیٹی رہائش پذیر ہیں۔متاثرہ خاتون کے مطابق مکان کے کاغذات دیور سہیل کے پاس ہیں، گزشتہ روز ملزمان نے انھیں دیوار میں چنوا کر قید کر دیا تھا۔ خاتون کے مطابق مکان میں ان کے سسر کے سالے اور ان کی اہلیہ رہائش پذیر تھیں جن کا انتقال ہو چکا ہے ، جب کہ سہیل انھیں ہراساں کرتا تھا۔ دوسری جانب حیدرآباد میں ماں بیٹی کو کمرے میں بند کرکے دروازے پر دیوار چن دینے کے واقعے سے متعلق نئی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے ۔ماں بیٹی 12 گھنٹے تک کمرے میں قید رہیں، اہل محلہ نے بھنک پڑنے پر مداخلت کی، ہاتھوں اور ڈنڈوں سے دیوار اکھاڑی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں