یہ آخری حملہ نہیں، جاگتے رہیں!!
شیئر کریں
یہ جاگنے کاوقت ہے۔ جاگو اور جگاؤ!!!
بھارتی اہداف بالکل واضح ہیں، اور اب بے چینی بھی! پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ اس کی نشاندہی کرتا ہے۔ دشمن یہاں نامراد ہوا، مگر اُس کی خواہشات اُسے پاگل بنائے دیتی ہے، یہ آخری حملہ نہیں، جاگتے رہیں!!
پاکستان کے ساتھ کچھ عجیب مسئلے ہیں۔ بھارت اس کا ازلی دشمن ہے، مگر پاکستان کے سیاسی حالات وحادثات قومی ترجیحات کو اُتھل پتھل کر دیتے ہیں۔ جس کا مکمل فائدہ دائم بھارت اُٹھاتا ہے۔ قومی سیاست میں جماعتی ذہن نے ملکی مفادات کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ سانٹھ گانٹھ کی سیاسی ذہنیت نے ملکی تو کیا غیر ملکی طاقتوں سے بھی ساز باز کی ایسی قبیح عادت پیدا کردی ہے کہ ٹالے نہیں ٹلتی۔ زیادہ وقت نہیں گزرا، کلبھوشن رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ دشمن مالک کی ثابت شدہ شہریت کے باوجود معاملہ سیاسی مفادات کے تحت حاشیے میں ڈالنے کے جتن کیے جاتے رہے۔ یہ نرم سے نرم لفظوں میں بھی غداری تھی۔ مگر قومی سیاست میں ٹھنڈے پیٹوں برداشت ہوئی۔ سیاسی تعصبات نے قومی مفادات کو پرے دھکیل دیا۔ سیاسی اور صحافتی اُفق پر اس سنگینی کو اجاگر کرنے والا کوئی نہ تھا۔ سب کے سب اپنے مفادات کے تحت اس معاملے کو نظرانداز کرنے پر تُلے تھے۔ نئی حکومت میں اس معاملے کو عالمی عدالت میں درست طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی، وگرنہ عالمی عدالت میں بھی یہ معاملہ ابتدا میں اس طرح پیش کیا گیا تھا کہ شکست کا اندیشہ تھا۔ ہم بھی کیا لوگ ہیں؟
پاکستان کو اندازا ہونا چاہئے تھا کہ بھارت کی قومی سلامتی کا مشیراجیت دووال کس ذہنیت کا مالک ہے؟ وہ سات برس پاکستان میں مقیم رہا۔ بی جے پی کی انتہا پسند ہندو حکومت نے اُسے صرف اس لیے گلے رکھا ہے کہ وہ پاکستان دشمنی میں پاگل ہوچکا ہے۔ بھار ت نے پاکستان کے کمزور سیاسی حالات اور بھارت کے خلاف عالمی سطح پر مقدمہ پیش نہ کرنے کی کمزور پاکستانی روایت کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے دو مقاصد حاصل کررکھے ہیں۔ اولاً:بھارت اپنے ملک میں مسلمانوں کے خلاف کسی بھی جبر کے ردِعمل کو پاکستان سے جوڑتا ہے، کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد اور مزاحمت کو پاکستان کے ساتھ منسلک کرتا ہے۔ اس مقدمے کو وہ دنیا میں ہر سطح پر اُٹھاتا ہے، بدقسمتی سے مسلمانوں کے خلاف عالمی ماحول کا فائدہ اُسے پاکستان کے خلاف موقف کی پزیرائی کی صورت میں ملتا ہے۔ ثانیاً: ایک طویل عرصے سے بھارت پاکستان کے ناراض عناصر کو دنیا بھر میں کھوج کھوج کر اپنی نیابت (پراکسیز) کے طور پر اکٹھا کررہا ہے۔ کراچی میں الطاف حسین، اندرون سندھ کچھ سندھی قوم پرست اور بلوچستان میں بلوچ علیحدگی پسند براہِ راست اور بالواسطہ طور پر اس ہدف سے جڑے ہوئے ہیں۔ جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی اب اُسے کچھ ناراض عناصر میسر آگئے ہیں۔ نوگیارہ کے حالات کے بعد پاکستان میں جس طرح کی عاقبت نااندیشانہ حکمت عملی اختیار کی گئی اور پرویز مشرف نے جس طرح مسلم جذبات کو نظرانداز اور لسانی اکائیوں کی اہمیت کے زمینی حقائق کو فراموش کیا، اس سے قومی سطح پر انحراف اور پھر غداری کی روش بھی گوارا ہونے لگی۔ اس کا درست تجزیہ تاحال کسی بھی سطح پر نہیں کیا جارہا۔ اب یہ سارے عناصر پاکستان کے خلاف ملک کے چاروں صوبوں میں الگ الگ لسانی شناختوں کے ساتھ پائے جاتے ہیں۔ بھارت ان تمام عناصر کی کسی نہ کسی طرح سرپرستی کررہا ہے۔ اجیت ڈوول ان سارے عناصر کو استعمال کرنے کے زمینی ذرائع پر گرفت رکھتا ہے۔
بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا ذہن سمجھنے کے لیے اس کی 2014 ء کی تقریر باربار سننی چاہئے۔ جس میں وہ یوں تو سرحد پارسے ہونے والی نام نہاد دہشت گردی کی آڑ لیتا ہے،مگر عملاً وہ یہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان کو کس طرح دہشت گردی کی دلدل میں دھکیلا جاسکتا ہے؟اسی حکمت عملی کے تحت وہ اپنی نیابتی جنگ (پراکسی وار) کی پوری تشریح کرتا ہے۔بھارت کے ذہن میں پاکستان کے حوالے سے یہ حقائق ہمیشہ رہتے ہیں کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اورپاکستان چین کے ساتھ تزیرواتی تعلقات رکھتا ہے۔ اس تناظر میں اجیت ڈوول یہ واضح کرتا ہے کہ پھر پاکستان کے ساتھ کیسے لڑنا چاہئے؟ وہ اپنی تقریر میں صاف صاف کہتا ہے کہ پاکستان کو اس کی اپنی سرزمین پر مختلف محاذوں سے نشانا بنانا چاہئے۔ وہ انتہائی تیزی سے ان محاذوں کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔ اجیت ڈوول کے خیال میں پاکستان کو معاشی و سیاسی محاذوں پر مستقل پریشان رکھنا چاہئے جبکہ اندرونی سلامتی کے محاذپر اُسے مسلسل نقصان پہنچاتے رہنا چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کو عالمی سطح پر سفارتی تنہائی میں دھکیلنے کا بھی اشارہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ پاکستان کی دہشت گردی کی کارروائیوں کو مسلسل بے نقاب کرتے رہنا چاہئے۔ اجیت ڈوول اس سارے عمل کو جارحانہ دفاعی موڈ سے تعبیر کرتا ہے۔ یہ اتنی سادہ بات نہیں۔
بھارت نے گزشتہ کچھ عرصے میں ایسی کارروائیاں منظم کی ہیں جس کی بُنت کو ایسے رکھا گیا کہ یہ پاکستان ساختہ لگے۔ وہ ایسی کارروائیوں کو پاکستان کے کھاتے میں ڈال کر اسے عالمی سطح پرپاکستان ساختہ باور کراتا ہے۔ بدقسمتی سے ان کارروائیوں کو پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں اجاگر کیا جاتا ہے، اور اسے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان باربار اس پورے عمل کو فالس فلیگ حملے کے عنوان سے دنیا پر واضح کررہے ہیں۔ بھارت ان دنوں یہ کوشش ضرور کرے گا کہ اپنی سرزمین پرکسی بھی حملے کو پاکستان کی چھاپ کے ساتھ ممکن العمل ہونے دے۔ نوگیارہ کے بعد اس نوع کی دہشت گردی کے واقعات مختلف جگہوں پر ہوتے رہے ہیں۔ بھارت کو ایسے حملوں کی ضرورت اس لیے بھی ہے کیونکہ وہ مسلسل پاکستان میں ایسی دہشت گردی کی سرپرستی کررہا ہے جو اعلانیہ بھارتی حمایت اور چھاپ کے باعث مسلسل بے نقاب ہوتی جارہی ہے۔ کلبھوشن کی گرفتاری نے اس کھیل کو مکمل عریاں کردیا تھا۔ ا س کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستان کی سرزمین پر ایسے حملے کیے جارہے ہیں جو واضح طور پر بھارتی مقاصد سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس میں بھارت کی بدقسمتی یہ ہے کہ اُسے اپنی نیابتی جنگ کے لیے جو عناصر میسر آئے، وہ پاکستان میں مکمل بے نقاب ہیں، اُن کی بھارتی حمایت پوری طرح عیاں ہے۔ اُن کی پاکستان دشمنی بھی پوری طرح ننگی ہے۔ چنانچہ ایسے عناصر کی کارروائیاں کسی گمنام کھاتے میں رہ کر پاکستانیوں کو زیادہ پریشان نہیں کرتیں۔ دشمن واضح ہوتو یہ اُس پر آدھی فتح حاصل کرنے کے مترادف ہے۔
اس تناظر میں بی ایل اے اور دیگر علیحدگی پسندوں کی کارروائیوں پر غور کیا جائے تو بھارت کا بہیمانہ کھیل پردے میں نہیں رہتا۔ بھارت لداخ میں چین سے مسلسل مار کھارہا ہے۔ کشمیر میں اُس کے اقدامات تاحال ناکامی کا منہ دیکھ رہے ہیں۔اور بھارت کے اندرونی حالات مسلسل اقلیتوں کی زندگی اجیرن کررہے ہیں۔ ان حالات میں وہ پاکستان کے اندر ایسے اہداف منتخب کررہا ہے جس میں چینی مفادات کو نقصان پہنچایا جاسکے۔ بی ایل اے کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے سے پہلے کی دوکارروائیاں بالکل واضح ہے۔ بی ایل اے نے 23/ نومبر 2018ء کو کراچی میں ہی چینی قونصل خانے کو نشانا بنایا۔ بعدازاں گوادر میں ”کوہِ باطل“ پر واقع پرل کانٹیننٹل کو 12/مئی 2019ء میں ہدف بنایا۔ دونوں ہی اہداف میں چینی مفادات نشانا تھے۔ اب تازہ ترین کارروائی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی سامنے آئی ہے۔ اس ہدف کو چننے کے مقاصد کو اچھی طرح ٹٹولنا چاہئے۔ لیکن یہاں بھی ایک دور کا پہلو بالکل واضح ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کچھ عرصے سے چینی کردار اُبھر کر سامنے آرہا ہے۔ اجیت ڈوول نے 2014ء کے خطاب میں یہ بھی کہا تھا کہ”پاکستان کو یہ باور کرادینا چاہئے کہ وہ ممبئی طرز کا ایک بھی حملہ کرتا ہے تو بلوچستان اُس کے پاس نہیں رہے گا“۔ اگر اس مکروہ حکمت عملی کو اچھی طرح کھنگالا جائے تو اس میں کوئی ابہام نہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کاررائیوں کے جواز کی تخلیق میں بھی مگن ہے۔ وہ خود اپنی سرزمین میں ایک جعلی حملے کو کبھی بھی رچا سکتا ہے۔ پاکستان میں ایسے سیاسی و معاشی حالات ہیں جو ان حملوں کے بعد یہاں جھوٹی کہانیوں کو پرورش دے سکتے ہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام ہوا، مگربھارتی عزائم بالکل عیاں ہیں، یہ جاگنے کا وقت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔