میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کمانڈنٹ ایف سی تبدیل، افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں باڑ لگائی جائے گی، سی سی ٹی وی کیمرے لگاکر پارا چنار کو اسلام آباد کی طرح محفوظ شہر بنائیںگے، آرمی چیف

کمانڈنٹ ایف سی تبدیل، افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں باڑ لگائی جائے گی، سی سی ٹی وی کیمرے لگاکر پارا چنار کو اسلام آباد کی طرح محفوظ شہر بنائیںگے، آرمی چیف

منتظم
هفته, ۱ جولائی ۲۰۱۷

شیئر کریں

چیک پوسٹوں پر فوری رضاکار بھی تعینات ہوںگے، داعش کا ایجنڈا فرقہ واریت پر مبنی ہے، ہم ایک قوم اور مسلمان ہیں، ٹراما سینٹر بھی بنانے کا اعلان
پارا چنار (مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششوں سے پارا چنار کے قبائلی عمائدین نے گزشتہ جمعہ سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارہ چنار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی، اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کرنے سے متعلق اپنے مطالبات بھی پیش کیے جس پر آرمی چیف نے علاقے کی سیکیورٹی سے متعلق مطالبات پر فوری طور پر عمل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کر دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار کے بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میں مصروف تھی جس میں 75 افراد جاں بحق اور100 کے قریب زخمی ہوئے تھے جس کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ پارا چنار کے موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہاکہ ایسے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ حالیہ واقعات میں دشمن غیر ملکی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے جنہوںنے اپنے مقامی سہولت کارو ں کے ذریعے دہشتگردی کرائی ہے انہوںنے کہاکہ ان لوگوں کو گرفتار کر کے فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائینگے ۔انہوںنے پارا چنار میں سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے مزید فوجی تعینات کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ فرنٹیئر کور کے دستے پاک افغان سرحد کی نگرانی کرینگے اور موثر طریقے سے اس کو سیل کیا جائیگا اس کے علاوہ چیک پوسٹوں پر طوری رضا کار بھی تعینات کئے جائینگے ۔انہوںنے کہاکہ پارا چنار کو اسلام آباد اور لاہور کی طرح محفوظ شہر بنایا جائیگا اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائینگے ۔انہوںنے کہاکہ افغانستان کیساتھ سرحد پر پہلے ہی باڑ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا پہلے مرحلے میں قبائلی علاقوں کے حساس علاقوں میں باڑ لگائی جارہی ہے اور اس کے بعد دوسرے مر حلے میں بلوچستان میں بھی باڑ لگائی جائیگی ۔انہوںنے کہاکہ جن ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کی ہے اور ہجوم کنٹرول کر نے میں کوتاہی برتی ہے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمہ داروں کو نہیں بخشا جائیگا اس سلسلے میں فرنٹیئر کور کے کمانڈر کو پہلے ہی تبدیل کیا جا چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فائرنگ کے نتیجے میں چار مقامی افراد کی شہادت اور کئی افراد کے زخمی ہونے کا واقعہ بہت بڑا سانحہ ہے اور ایف سی کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو الگ معاوضہ دیاجائیگا انہوںنے پارا چنار کے آرمی پبلک سکول کو میجر گلفام شہید کے نام سے منسوب کیا اور کہا کہ سکول کو کیڈٹ کالج کا درجہ دیا جائیگا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارہ چنار میں آرمی کی جانب سے ٹراما سنٹر بنانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ہسپتال میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائیگا ،آرمی چیف نے کہاکہ تمام پاکستانی برابر ہیں اس موقع پر ایک بار پھر قبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں لانے کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس کا جلد نفاذ علاقے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے ضروری ہے، انہوںنے کہاکہ پاک فوج قبائلی علاقوں میں زندگی معمول پر لانے کیلئے کوششیں جار ی رکھے گی انہوںنے کہاکہ پاکستان کو سرحد کے اس پار افغانستان سے خطرات موجود ہیں، کیونکہ وہاں داعش مضبوط ہورہی ہے ہمیں اس خطرے کا مقابلہ کر نے کیلئے متحد اور چوکس رہنا پڑے گا ۔انہوںنے کہاکہ داعش کا ایجنڈا فرقہ واریت پر مبنی ہے انہوںنے سکیورٹی فورسز کو قومی وحدت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم ایک قوم ہیں انہوں نے پاک افغان سرحد ی رابطوں اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا آرمی چیف قبائلی مشران کے علاوہ احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے بھی ملے انہوںنے شہداء کیلئے دعا کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی ۔انہوںنے کہاکہ ملک سے باہر اور خراب موسم کی وجہ سے وہ وقت پر پارا چنار نہیں آ سکے انہوںنے کہاکہ بحیثیت قوم پاکستانیوں نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں ہمارا دشمن ہمارے عزم کو کمزور اور ہمیں تقسیم کر نے میں ناکام ہوگا۔اس موقع پر قبائلی مشران نے پاک فوج اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا قبائلی مشران نے اپنی تقاریر میں کہاکہ وہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اوروہ ملک کیلئے خون کا ہر قطرہ بہا دینگے انہوںنے کہا کہ ہم تمام پاکستانی اور مسلمان ہیں ۔آرمی چیف نے کہاکہ کچھ مطالبات کا تعلق حکومت کے ساتھ ہے لیکن سکیورٹی سے متعلق مطالبات پر فی الفور عمل کیا جائیگا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ ہم کسی بھی فرقہ سے بالاتر ہیں ٗ پاکستان کی سکیورٹی اور عوام برابر ہیں ٗ حساس علاقوں میں افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ٗدوسرے مرحلے میں پوری افغان سرحد پر باڑ لگائی جائیگی ٗ آرمی چیف کے حکم پر فوج کے دستے آگئے ہیں ٗ سیف سٹی پراجیکٹ کا اعلان کیا گیا ہے ٗ سکیورٹی نظام کو مزید بہتر بنایا جائیگا ٗ دہشتگردی کی لعنت کو متحد ہو کر شکست دینی ہے ٗ انشاء اللہ کامیاب ہونگے ۔جمعہ کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سکیورٹی اور عوام برابر ہیں ہم کسی بھی فرقہ سے بالا تر ہیں ہم پاکستانی اور مسلمان ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کی لعنت کو متحد اور اکٹھے ہو کر شکست دینی ہے اور انشاء اللہ کامیاب ہونگے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں