سینئر سول جج کی طرف سے لاہور کی مقامی عدالتوں کو مراسلہ جاری، حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی کارروائی، فیصلے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
شیئر کریں
جے آئی ٹی نے شریف خاندان کے افراد کے بیانات میں تضادات پر سوالنامہ تیار کرلیا، حتمی رپورٹ 10 جولائی کو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی
اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ) پاناما کے معاملے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے لاہور کی تمام عدالتوں سے حدیبیہ پیپر ملز کی تفصیلات مانگ لیں۔سینئر سول جج کی طرف سے لاہور کی مقامی عدالتوں کے تمام ججوں کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں ان سے 1998ء میں دائر ہونے والے حدیبیہ پیپر ملز کے حوالے سے کسی بھی طرح کی سماعت، کارروائی یا فیصلے سے متعلق آگاہ کرنے کا کہا گیا ہے ۔کسی بھی طرح کی معلومات میسر آنے پر سینئر سول جج کی طرف سے پاناما جے آئی ٹی کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔دریں اثناء پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے تحقیقات کا عمل تیز کردیا ہے، جبکہ تحقیقاتی ٹیم 10 جولائی تک رپورٹ مرتب کرے گی۔پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات کا عمل تیز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے شریف خاندان کے افراد کے بیانات میں تضادات پر سوالنامہ تیار کر لیا ہے، جبکہ وزیر اعظم کے صاحبزادوں،صاحبزادی اور طارق شفیع سے حتمی بیانات لیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی حدیبیہ پیپر ملزکیس پر اسحاق ڈار کے 164 کے بیان کو بنیاد بنا رہی ہے ،جبکہ جے آئی ٹی شریف خاندان کے افراد سے حتمی بیانات لینے کے بعد 10جولائی تک رپورٹ مرتب کرے گی۔