مفرور شخص دھمکیاں دے رہا ہے عدلیہ نے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا،حماد اظہر
شیئر کریں
لاہور(بیورورپورٹ)تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایک مفرور شخص یہ دھمکیاں دے رہا ہے کہ اگر عدلیہ سے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ آیا تو وہ اپنے سمدھی کے ذریعے معیشت کو اور تباہ کر دے گا ، پاکستان جس سمت میں جارہا ہے ہمارے دشمن بھی ایسا نہیں چاہتے کہ حالات اس طرف جائیں لیکن حالات اس طرف تیزی سے اس طرف بڑھ رہے ہیں، اگر اس کھیل کو نہ روکا گیا اوراگر انتخابات کے ذریعے ایک فعال حکومت قائم نہ کی گئی تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے ،قوم اس وقت کسی اور کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ،آئی ایم ایف سے معاہدے کے دور دور تک کوئی آثار نہیں،دوست ممالک کے ساتھ کریڈیبلٹی کا معاملہ چل رہا ہے ، اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ کر لیا ہوتا تو آج حالات اتنے خراب نہ ہوتے ۔ اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ گزشتہ سال اسی وقت ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 12.7فیصد تھی اور آج بارہ ماہ کے بعد یہ شرح 35.4فیصد پر جا پہنچی ہے ۔