دو جج وہ ہیں جنہوں نے میرے خلاف فیصلہ دیا، بینچ ہی قبول نہیں تو فیصلہ کیسے قبول ہوگا؟ نوازشریف
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابات کے التوا کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست کرنے والے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بینچ میں تو دو جج وہ ہیں جنہوں نے میرے خلاف فیصلہ دیا، جب بینچ ہی قبول نہیں تو فیصلہ کیسے قبول ہوگا؟قوم کو ان ہی بینچ کے فیصلوں نے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کردیا، ثاقب نثار اور دیگر ریٹائرڈ جج قوم کو بتائیں گے کہ مجھے کیوں نااہل کیا گیا؟ہر کیس میں یہی تین جج آگے جاتے ہیں اور پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کرتے ہیں ،فل کورٹ بنائیں اس کا فیصلہ سب کو قبول ہوگا، تین کے بینچ میں کیا مصلحت ہے ؟ ،کیا عمران خان کیلئے ہم نے سارے فیصلے کرنے ہیں، عمران خان کی خاطر ہم نے سارے بینچ بنانے ہیں،یہ قومی معاملہ ہے کسی ٹرک ، ریڑھی والے یا پلاٹ خالی کرانے کا ایشو نہیں، 2017 میں بھی اس قسم کا بینچ بنا تھا جس کی وجہ سے ملک کا مستقبل تاریک نظرآتا ہے ، 2017 کے بعد دیکھیں عوام کے ساتھ کیا ہوا،پہلے آپ پیٹ بھر کر کھانا کھاتے تھے ،یہ قوم پر مرضی کے فیصلے ٹھونسنا چاہتے ہیں، امید ہے کہ اللہ ایسے فیصلوں سے ملک کو بچائیگا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہاکہ میں اپنی قوم سے کہوں گا کہ آنکھیں کھولو، آپ کے ساتھ گھناؤنا مذاق ہو رہا ہے ، 2017 میں سب لوگ خوش تھے ، پیٹ بھر کر روٹی ملتی تھی اور لوگ خوشی کیساتھ گزارا کرتے تھے ۔انہوں نے 2017 میں ڈالر اور بقیہ اشیا کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں ملک میں موٹر وے بن رہے تھے ، دہشت گردی ختم ہو چکی تھی، لوڈشیڈنگ ختم ہو گئی تھی، زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر تھے لیکن 2017 کے بعد ایک ایک ارب ڈالر کیلئے پاکستان کو اپنے دوستوں کے پاس درخواست کرنی پڑتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ جو کچھ آج ہو رہا ہے وہ مجھے 2017 کا تسلسل لگ رہا ہے ، انہوں نے پاکستان کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا ہے اور انہی بینچوں کے فیصلوں نے تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے اور وہی تین ججز جو اس وقت نواز شریف کو نااہل کرنے میں شامل تھے ، ان میں سے تین یہی تھے کیونکہ بقیہ تو ریٹائر ہو گئے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ہم نے آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ہم خواب دیکھ رہے تھے کہ پاکستان دنیا کے 10 سے 20 سب سے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو جائیگا تاہم آج کے فیصلے پتا نہیں اس ملک کو کہاں لے کر جائیں گے ، پتا نہیں یہ کیا کرنے جا رہے ہیں، اگر یہ فیصلہ خوانخواستہ آیا تو ڈالر 500روپے ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ یہاں ایک بندے کی خاطر سیاست ہو رہی ہے اور ایک بندے کی خاطر اس طرح کے فیصلے سنائے جاتے ہیں، ابھی سابق آرمی چیف جنرل باجوہ جو باتیں کررہے ہیں کیا اس پر سوموٹو نہیں بنتا کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی اور غلط فیصلہ سنایا گیا تھا تاہم اس کا کوئی سوموٹو نہیں لیتا اور اپنی مرضی سے معاملات چلائے جا رہے ہیں، قوم پر فیصلے مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن قومی عہد کر لے کہ ایسے فیصلے نہیں ہونے دینا جو ملک و قوم کو تباہ کردے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب بینچ ہی قبول نہیں ہے تو اس کا فیصلہ کیسے قبول ہو گا اور قبول ہونا بھی نہیں چاہیے ، میں سمجھتا ہوں کہ ایک بینچ جس پر سب کو اعتراضات ہیں اور اور یہ ڈیمانڈ کی جا رہی ہے کہ فل کورٹ بنایا جائے جس کا فیصلہ سب کو قبول ہو گا، اگر فل کورٹ نہیں بنتا تو تین کے بینچ میں کیا مصلحت ہے اور کیا عوامل کارفرما ہیں۔انہوںنے کہاکہ فل کورٹ پر ہمیں بھی پورا اعتماد ہے لیکن یہ وہ جج ہیں جن میں سے دو وہ ہیں جنہوں نے نواز شریف کے خلاف فیصلے دیے اور پیچھے پر فیصلہ ہمارے خلاف ہی آتا جا رہا ہے لیکن وہ بیٹھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین ججوں والے فیصلے پر پوری قوم کا عدم اعتماد ہے ، صرف ایک شخص کا نہیں ہے اور اس کا نام عمران خان ہے ، کیا عمران خان کے لیے ہم نے سارے فیصلے کرنے ہیں، عمران خان کی خاطر ہم نے سارے بینچ بنانے ہیں۔ایک اورسوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ میں نے بھی سنا ہے کہ سماعت کے دوران چیف جسٹس کی آنکھوں میں آنسو آئے ہیں، اگر آنسو اللہ کے ڈر سے آئے ہیں تو پھر بہت اچھی بات ہے ۔انہوںنے کہاکہ جسٹس مظاہر علی نقوی کا کیس تو سپریم جوڈیشل کونسل میں جانا چاہیے ، انہوں نے جو کہا ہے اور ان کے بارے میں جو شواہد آئے ہیں اس کی پوری آڈیو لیکس بھی ہیں، ویڈیو لیکس بھی نہیں، میرے خیال میں یہ احتساب کے حوالے سے فٹ کیس ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ہمارے جج شوکت صدیقی ہیں انہوں نے جو کہا ہے کم از کم اس کی تو تحقیقات کرا لیتے ، ان کو نکال کر باہر کردیا کیونکہ وہ ثاقب نثار کے مزاج کے خلاف بات کررہے تھے لیکن وہ بات سچ تھی، ان کو انصاف دینے کے بجائے انہیں سرے سے ہی فارغ کردیا، جہاں انصاف کا یہ معیار ہو تو پھر نظام انصاف کا خدا ہی حافظ ہے ۔انہوںنے کہاکہ قوم کو ان ہی بینچ کے فیصلوں نے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کردیا، ثاقب نثار اور دیگر ریٹائرڈ جج قوم کو بتائیں گے کہ مجھے کیوں نااہل کیا گیا، آپ نے کبھی اس بات پر سوموٹو لیا جو شوکت صدیقی نے باتیں کی، کیا اس بات پر سوموٹو نہیں بنتا کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی۔