میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ کے بڑے ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی فراہمی بند

سندھ کے بڑے ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی فراہمی بند

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

اگر مرکزی میڈیسن اسٹور اور اسٹاک کا ڈپٹی کمشنر کی جانب سے معائنہ مزید تاخیر کا شکار ہوا تو چاندکا میڈیکل کالج ہسپتال (سی ایم سی ایچ) اور شیخ زید ہسپتال برائے خواتین کو ادویات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔رپورٹ کے مطابق سی ایم سی ایچ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس)ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے یہ بات لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر کو 19 مارچ کو ارسال کردہ ایک خط میں کہی تھی۔ایم ایس نے نشاندہی کی کہ لاڑکانہ ڈی سی نے اسسٹنٹ کمشنر احمد علی سومرو کو انسپیکشن کمیٹی کا رکن نامزد کیا تھا جسے حکومت سندھ نے نوٹیفائی کیا تھا۔انہوں نے ڈی سی کو مطلع کیا کہ احمد علی سومرو نے بغیر کوئی وجہ بتائے مرکزی دوا کے اسٹور پر جانے اور معائنہ کی رپورٹوں پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے نتیجے میں دو ہسپتالوں کے اے آر وی سینٹر، حادثے اور ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ، آپریٹنگ تھیٹرز، ڈائلیسس سینٹر، تھیلیسیمیا سینٹر، او پی ڈی اور اِن ڈور مریضوں کو جان بچانے والی ادویات سمیت دیگر جاری نہیں کی جاسکی ہیں۔ایم ایس نے کہا کہ ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بل ادا کرنے کے لیے انسپیکشن لازمی عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کمپنیوں کے بلوں کو کلیئر نہ کیا گیا تو وہ سپلائی بند کردیں گی اور اس کے نتیجے میں ادویات کی قلت پیدا ہوگی۔انہوں نے خط میں مسئلے کو نہایت سنجیدہ قرار دیا جس پر ڈی سی کے فوری ردعمل کا مطالبہ کیا گیا کیونکہ مریضوں کی جان کو خطرہ ہے۔ایم ایس نے خط کی کاپیاں سیکریٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور سی ایم سی ایچ چیئر پرسن، مینجمنٹ بورڈ، سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل
رجسٹرار، لاڑکانہ کمشنر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو ارسال کیں۔جب اے سی احمد علی سومرو سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انہیں نہ تو نامزد کیا گیا ہے اور نہ ہی وہ انسپکشن کمیٹی کے نامزد رکن ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی افسر کو اپنا نمائندہ نامزد کرنا ڈی سی کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سی ایم سی ہسپتال مینجمنٹ بورڈ کے قیام کے بعد جس کی سربراہی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے وائس چانسلر کر رہے ہیں، سی ایم سی ایچ کے سینٹرل میڈیسن اسٹور کا دورہ اور معائنہ کرنے کا اختیار بورڈ کو ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ بورڈ تشکیل دیے جانے کے بعد کمیٹی کا کردار ختم ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ‘ڈی سی نے بھی ان سے ادویات کے اسٹور کا معائنہ کرنے کے لیے نہیں کہا تو وہ خود وہاں کیسے جاسکتے تھے’۔سی ایم سی ایچ کے سینٹرل میڈیسن اسٹور کے انچارج ڈاکٹر گل شیخ نے بتایا کہ وارڈز اور دیگر محکموں کو سپلائی کرنے سے قبل ادویات معائنے کی منتظر ہے۔

 


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں