میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارت کی ریاستی اسمبلی میں پاکستان زندہ بادکے نعرے کی گونج

بھارت کی ریاستی اسمبلی میں پاکستان زندہ بادکے نعرے کی گونج

ویب ڈیسک
منگل, ۱ مارچ ۲۰۲۲

شیئر کریں

بھارتی ریاست یو پی کے آلہ آباد میں پولیس حکام نے پاکستان نواز اورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کے الزام میں متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ریاست میں اس وقت اسمبلی انتخابات جاری ہیں اور اس الیکشن میں پاکستان کا نام بار بار لیا جا رہا ہے۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کی پولیس کا کہنا ہے کہ پریاگ راج (آلہ آباد) کے ہنڈیا علاقے میں انتخابی مہم کے دوران گزشتہ ہفتے کے روز پاکستان زندہ باد جیسے نعرے لگائے گئے تھے، جس کی وجہ سے سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کا دعوی ہے کہ نعرہ لگانے والے افراد کا تعلق ریاست کی مضبوط حزب اختلاف کی جماعت سماج وادی پارٹی سے ہے۔ ان انتخابات میں اس جماعت کا حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی سے براہ راست مقابلہ ہے، جس نے پولیس کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس پر جھوٹ سے کام لینے کا الزام عائد کیا ہے۔بھارت اور پاکستان کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے تعلقات اچھے نہیں ہیں اور ملک میں ایک ایسی فضا قائم ہے کہ پاکستان سے متعلق کوئی بھی مثبت بات کہنے کو بھی معیوب سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی کئی بار پاکستان زندہ باد کہنے کے واقعات پر متعدد افراد کے خلاف کیسز درج ہونے کے ساتھ ہی انہیں گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔نعرے سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں پاکستان زندہ باد کے نعرے سنے جا سکتے ہیں۔ اس کی تفتیش کے دوران ہی پولیس نے سات نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کیا جبکہ ابھی اس کی مزید تفتیش جاری ہے۔مقامی پولیس اسٹیشن کے سربراہ کیسو داس ورما کا کہنا تھا، ابتدائی تفتیش کے دوران ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ویڈیو پریاگ راج کے برہوت قصبے میں شوٹ کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں سات افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس ویڈیو میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے دیگر افراد کی شناخت کا بھی پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ابھی کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، ”تاہم بتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایف آئی آر میں، جن افراد کا نام درج ہیں، ان کا تعلق سماج وادی پارٹی سے ہے۔ ادھر سماج وادی پارٹی کے ضلعی صدر یوگیش یادو نے پولس پر پارٹی کارکنان کو پھنسانے کے لیے جھوٹی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا، ہماری پارٹی کے کارکنوں نے کوئی قابل اعتراض نعرہ نہیں لگایا۔ پولیس ہمارے پارٹی کارکنان کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کر رہی ہے۔بھارت کے تقریبا سبھی انتخابات میں پاکستان اور اس کے بانی محمد علی جناح جیسی شخصیات کا اکثر ذکر ہوتا ہے اور اس کے نام پر رائے دہندگان کو تقسیم کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ آلہ آباد میں اتوار کے روز ہی پولنگ ہوئی ہے اور ان انتخابات میں ہندو قوم پرست جماعت بھی بی جے پی خاص طور ان مسائل کو زور شور سے اٹھا رہی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں