میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی کا ظہرانہ ،ایم کیو ایم کی شرکت سے اچانک معذرت نے ہلچل پیدا کر دی

پی ٹی آئی کا ظہرانہ ،ایم کیو ایم کی شرکت سے اچانک معذرت نے ہلچل پیدا کر دی

ویب ڈیسک
پیر, ۱ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) پاکستان پیپلز پارٹی کے حکومتی اتحادیوں سے رابطے اور متحدہ پاکستان کی محمود مولوی کے ظہرانے میں عدم شرکت نے تحریک انصاف کو تشویش میں مبتلا کر دیا، پی ٹی آئی قیادت نے متحدہ پاکستان کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی کو رام کرنے میں پارٹی کی مرکزی قیادت مکمل طور پر ناکام ہو گئی، فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کو سندھ سے سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر متعدد اراکین اسمبلی کے اختلافات تاحال برقرار، جہانگیر ترین کا طیارہ بھی سندھ میں لینڈ نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر پی ٹی آئی حالیہ دنوں بوکھلاہٹ کا شکار ہے جس کا بھر پور سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے پیپلز پارٹی نہایت سرگرم دکھائی دیتی ہے۔ گزشتہ کئی روز سے پی ٹی آ ئی میں جاری سیاسی بحران پر تاحال اب تک قابو نہیں پایا جا سکا، پی ٹی آئی سندھ سے تعلق رکھنے والے متعدد رکن قومی و صوبائی اسمبلی پارٹی کے غلط فیصلوں کے آ گے گھٹنے ٹیکنے سے گریز کر رہے ہیں۔اس ضمن میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اتحادی جماعتوں سے بہتر رابطے استوار کرنے اور پارٹی کے ناراض اراکین کو منانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، جن کی تبدیلی پر مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کاکردار بھی سندھ کے ناراض رہنماؤں کے اختلافات دور کرنے میں غائبانہ دکھائی دیتا ہے جس کے تحت ان کی جانب سے سندھ سے تعلق رکھنے والے کسی بھی رکن قومی و صوبائی اسمبلی سے رابطہ نہیں کیا جا سکا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دو روز قبل پیپلز پارٹی کی حکومتی اتحادی کو کی گئی پیشکش اور گزشتہ روز پی ٹی آئی کی اہم بیٹھک میں متحدہ پاکستان کی عدم شرکت پر پاکستان تحریک انصاف نے اتحادی جماعت سے رابطہ کر لیا ہے، جس میں تمام تر تحفظات دور کرنے اور حکومت سازی میں ہونے والے تمام معاہدوں پر سینیٹ انتخابات کے بعد عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کو گرین سگنل مل گیا ہے۔ سینیٹ انتخابات سے قبل خفا ہونے والے اتحادی کو اعتماد میں لینے کے لیے پی ٹی آئی کے مذاکراتی وفد کی متحدہ قیادت سے ملاقات متوقع ہے۔واضح رہے گزشتہ روز مشیر جہاز رانی محمود مولوی کی رہائش گاہ پر سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ظہرانے کا انتظام کیا گیا تھا جس میں وفاقی وزراء اسدعمر اور علی زیدی سمیت ، پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللّہ نیازی ، جی ڈی اے کے پیر صدرالدین شاہ راشدی، شہریار مہر،نند کمار، عرفان اللّہ مروت سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے تھے، تاہم ظہرانے میں شرکت سے چند گھنٹوں قبل متحدہ پاکستان کی جانب سے معذرت کر لی گئی تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں