میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مظفرآباد ،پاک بھارت کشیدگی، سینکڑوں افراد محفوظ مقام پر منتقل

مظفرآباد ،پاک بھارت کشیدگی، سینکڑوں افراد محفوظ مقام پر منتقل

ویب ڈیسک
جمعه, ۱ مارچ ۲۰۱۹

شیئر کریں

پاک بھارت کشیدگی کے باعث آزاد جموں و کشمیر کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر رہائش پزیر سینکڑوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارت کے دو جنگی جہاز مار گرائے گئے تھے جب کہ اس سے قبل اور بعد میں بھی لائن آف کنٹرول پر شدید جھڑپیں جاری رہیں۔

پاک بھارت جھڑپوں کے دوران چار مقامی افراد شہید ہو گئے تھے جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ بھارتی فوج کی جارحانہ فائرنگ سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کھلنا سیکٹر پر فائرنگ سے ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔.

مظفر آباد میں وزیر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر احمد رضا قادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر ہندوستانی جارحیت کی وجہ سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور جن علاقوں کے رہائشی بھارتی فوج کی زد میں ہیں انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جہلم ویلی سے 61 گھرانے منتقل کیے جا چکے ہیں جب کہ کچھ خاندان اپنے رشتے داروں کے گھر منتقل ہو گئے ہیں۔ کوٹلی میں 12خاندان منتقل ہوئے ہیں جبکہ جہلم ویلی سے 196 سویلین کیمپوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔

احمد رضا قادری نے بتایا کہ بھمبر سے 83 لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں ۔انہوں ںے کہا کہ کسی بھی مزید امداد کی صورت میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے رابطے میں ہیں جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر بھی دورہ مختصر کر کے واپس آ رہے ہیں تاہم وہ اس وقت فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے لندن میں رکے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں